اسلام آباد کے شہری اب کسی بھی تھانے سے ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکیں گے، نئے آئی جی کا نیا حکم

نئے تعینات ہونے والے آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی جانب سے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی اہم میٹنگز اور دوروں کا آغاز کر دیا گیا۔ انہوں نے ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز میں اجلاس کی صدارت کی جس میں چیف ٹریفک آفیسر ایس ایس پی سرفراز ورک اور ایس پی سی ٹی ڈی حمزہ ہمایوں سمیت ٹریفک پولیس کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کا تھیم پارک بناتے ہوئے ایجوکیشن ٹیم کو فعال کیا جائے، اسلام آباد ٹریفک پولیس میں فرینڈز اور والینٹیرز بھرتی کیے جائیں اور ون ویلنگ کے خلاف مہم تیز کی جائے۔

انہوں نے شہر بھر میں فینسی نمبر پلیٹ اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف کاروائیاں تیز کرنے کی بھی ہدایت کی اور حکم دیا کہ تمام تھانہ جات میں آن لائن لرنر، رینیول اور ڈرائیونگ لائسنس کی خدمات مہیا کی جائیں اور اس مقصد کے لیے ٹریفک پولیس کے لئے خصوصی بھرتیاں عمل میں لائیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری گاڑیوں میں ٹریکر لگائیں جائیں اور بغیر لائسنس ڈرائیوروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائیں، بہترین کاررکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے، تعلیمی اداروں اور اہم مقامات پر موبائل خدمات مہیا کیا جائیں اور مارکیٹ کمیٹیوں کے ساتھ مل کر اہم تجارتی مقامات سے غیر قانونی پارکنگ کا خاتمہ کیا جائے۔

آئی جی اسلام آباد کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس ایف ایم ریڈیو کو مزید فعال کیا جائے، سڑک پر ڈیوٹی کرنے والے افسران کی ویلفیئر کو مزید بہتر کیا جائے، ہم نے اسلام آباد کے شہریوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنی ہیں جسکے لیے ہمیں بہت اچھا نہیں بلکہ سب سے اچھا ہونا ہے۔

بعد ازاں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی خدمت مرکز ایف سکس پہنچے، انہوں نے خدمت مرکز 24/7 کھلا رکھنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ آئی جی نے کہا کہ شہریوں کو پولیس خدمت مرکز پر 24/7 بہترین خدمات مہیا کی جائیں اور ہرڈویژن میں پولیس خدمت مرکز قائم کیا جائے گا

اپنا تبصرہ بھیجیں