پاکستان کی جانب سے غزہ کے لیے 400 ٹن امدادی سامان کی 8ویں قسط روانہ

پاکستان کی جانب سے غزہ کے مظلوم شہریوں کے لیے 400 ٹن انسانی امداد کی آٹھویں قسط روانہ کر دی گئی۔ پاکستان کے وزارتِ خارجہ کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق آج کراچی بندرگاہ پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں فلسطینی سفیر احمد رباعی نے بھی شرکت کی۔

اس تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ، سفیر احمد امجد علی، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نمائندے اور مختلف امدادی تنظیموں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر فلسطینی سفیر احمد رباعی نے پاکستانی وزیر خارجہ سے امدادی کھیپ وصول کی۔

اس حوالے سے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ کے لوگوں کی مدد کے لیے مختلف ضروری اشیاء امداد میں بھیجی گئی ہیں جن میں خیمے، ترپال، کمبل، ادویات اور خوراک شامل ہیں، یہ امدادی سامان پہلے مصر کے پورٹ سعید میں پہنچنے گا جسے وہاں پر موجود پاکستانی سفیر وصول کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کے لوگوں تک یہ امدادی سامان مصری ہلالِ احمر کے ذریعے پہنچایا جائے گا، غزہ کی عوام کی انسانی ضروریات کو فوری طور پر پورا کرنے کے لیے پاکستان پُر عزم ہے، ہم غزہ میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے اور ان کی ضروریات کو پورا کریں گے۔

وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے غزہ کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مزید امدادی کھیپ روانہ کر دی گی ہے، یہ امدادی کھیپ پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے غزہ کے لوگوں کے لیے ایک اور بڑی امداد ہے، پاکستان کی حکومت غزہ کی عوام کی مدد اور حمایت کے لیے مستعد ہے اور ہر ممکن کوشش کر رہی ہے تاکہ غزہ کے لوگوں کو معاشی و انسانی ضروریات فراہم کی جا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں