تعلیمی بورڈز کے IBCC اٹیسٹیشن پورٹل کے ساتھ منسلک ہونے سے میٹرک انٹر سٹوڈنٹس کی مشکلات ختم

ملک بھر کے میٹرک انٹرمیڈیٹ سٹوڈنٹس کو اپنی تعلیمی دستاویزات اور اسناد کی ویریفیکیشن کے لیے اب دفاتر کے چکر یا دستاویزات بھیجنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، ملک بھر کے متعدد تعلیمی بورڈز نے بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے سسٹمز کو انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) اٹیسٹیشن پورٹل کے ساتھ مربوط کر لیا

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ اسلام آباد، بہاولپور، لاہور، مالاکنڈ، کوئٹہ، راولپنڈی اور ساہیوال کے تعلیمی بورڈز کے علاوہ ضیاء الدین یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ کراچی نے بھی اپنی APIs کو طلباء کی اسناد کی آن لائن تصدیق کے لیے IBCC اٹیسٹیشن پورٹل سے کامیابی کے ساتھ منسلک کر دیا گیا۔
اس مشترکہ کوشش نے طلباء کو اسناد کی تصدیق کے لیے تعلیمی بورڈز سے تصدیق کے مہر بند لفافے لانے کی ضرورت کو ختم کر دیا ہے۔ طلباء کے ریکارڈز کی براہ راست تصدیق کو فعال کرکے، یہ انضمام نہ صرف طلباء کے لیے آسانیاں پیدا کرتا ہے بلکہ تعلیمی دستاویزات کی رسائی اور صداقت کو بھی بڑھاتا ہے

اس حوالے سے آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے تعلیمی دستاویزات کی ساکھ کو یقینی بنانے کے لیے اس اقدام کی اہمیت پر زور دیا، کہا کہ ”

ان تعلیمی بورڈز کا آئی بی سی سی اٹیسٹیشن پورٹل کے ساتھ انضمام اپنے تعلیمی سرٹیفکیٹس کی تصدیق کے خواہشمند طلباء کے لیے تصدیقی عمل کو جدید اور آسان بنانے کی جانب ایک اہم قدم کی نمائندگی کرتا ہے۔”

انہوں نے کہا کہ درخواست دہندگان، چاہے وہ پاکستان کے اندر ہوں یا دنیا کے دیگر حصوں میں مقیم ہوں، انٹرنیٹ کنکشن کے ساتھ کہیں سے بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ یہ شمولیت آئی بی سی سی اور تعلیمی بورڈز کے مساوی اور ہموار تعلیمی نظام فراہم کرنے کے عزم کا ایک اہم پہلو ہے۔ مزید برآں، بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرٹیفکیٹس کی تصدیق کے لیے طلباء کے ریکارڈ کی مفت آن لائن تصدیق فراہم کر رہا ہے۔۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں