اسلام آباد پولیس کا اپنے 63 شہدا کی فیملیز کو مفت پلاٹس دینے کا فیصلہ

اسلام آباد پولیس نے اپنے شہداء کی یاد میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی اور تمام سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔ آئی جی اسلام آباد نے شہداء کی فیمیلیز کے ہمراہ یادگار شہداء پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر نے شہداء کے خاندانوں کو خصوصی طور پر دعوت دی۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان شہیدوں کے محکمے کا حصہ ہیں، جنہوں نے نہیں دیکھا کہ یہ گولی کس کی ہے۔

آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ شہداء نے اس گولی کو ایک وفاداری کی مہر سمجھ کر اپنے دلوں پر سجا لیا، وہ شہید ہیں تو ہم ہیں، اگر وہ شہید نہیں تو ہم بھی نہیں۔ شہداء نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر جو ہمیں راہ دکھائی ہے، انکی اس قربانی کے بدلے 22 گھنٹے تو کیا 24 گھنٹے کی ڈیوٹی بھی کم ہے۔

انہوں نے شہدا کے بچوں کے لیے ایک خصوصی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے بچوں کو 100 فیصد مفت اعلیٰ اور بنیادی تعلیم فراہم کی جائے گی، اسکے علاوہ انکو 100 فیصد مفت علاج کی سہولت بھی دی جائے گی۔

تقریب کے آخر میں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر نے کہا کہ میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سید مصطفٰی تنویر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے شہداء کے خاندانوں کو 63 پلاٹس دینے کا انتظام کیا ہے تا کہ انہیں کرایوں کی اذیت سے نہ گزرنا پڑے، اسلام آباد پولیس 42 گھنٹے جاگ کر گرمنلز اور دہشتگردی کا خاتمہ کرنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں