گزشتہ روز کراچی میں ایک ایونٹ ”جیت کا سفر“ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ایونٹ میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2009 میں پاکستان کو عالمی چیمپیئن بنانے والے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔جن میں یونس خان، سعید اجمل، شاہد افریدی، عبدالرزاق، عمر گل، کامران اکمل، شعیب ملک اور مصباح الحق شامل ہیں۔
اس ایونٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سابقہ پاکستانی آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا ” اگر آپ کہیں گے کہ میں ایشوریہ رائے سے شادی کر لوں اور میرے بچے نیک اور پرہیزگار ہوں تو ایسا نہیں ہو سکتا“۔انہوں نے یہ بات پاکستانی کرکٹ کی موجودہ حالت کے بارے میں کی تھی۔اس بات کے بعد لوگوں نے تالیاں بجانی شروع کر دیں اور پاکستانی بولر عمر گل اور پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بھی نادانستہ طور پر تالیاں بجا دیں۔
عبدالرزاق کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ کی نیت ٹھیک نہیں ہوگی تو اپ کچھ نہیں کر سکتے۔
اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر سابقہ پاکستانی کرکٹرز عبدالرزاق، عمر گل اور شاہد خان آفریدی پر تنقید شروع ہو گئی۔سوشل میڈیا صارفین نے عبدالرزاق کے الفاظ کی مذمت کی اور ان الفاظ پر شاہد آفریدی اور عمر گل کے تالیاں بجانے کی بھی مذمت کی گئی۔اس واقعے کے ایک دن بعد شاہد آفریدی اور عمر گل کا رد عمل سامنے آیا ہے۔
عمر گل نے سوشل میڈیا ایپ ”ایکس“ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ”شاہد آفریدی بھائی اور میں نے عبدالرزاق کی بات کی تائید کے لیے تالیاں نہیں بجائیں بلکہ یہ طنزیہ تھا۔ یہ اخلاقی طور پر غلط تھا۔ ہر ایک کا نقطہ نظر مختلف ہوتا ہے اور ایسے لوگوں کا نام لینا ہمیشہ غلط ہوتا ہے جو گفتگو کا حصہ بھی نہیں ہیں۔“
https://twitter.com/mdk_gul/status/1724323727171830148?s=19
اس حوالے سے شاہد آفریدی نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ”عبدالرزاق مذاق کرتے رہتے ہیں۔مجھے نہیں پتہ تھا کہ عبدالرزاق نے یہ بات کی اور میں نے بات سنے بغیر سب کے ساتھ تالیاں بجا دی تھیں ۔جب میں گھر آیا اور مجھے پتہ چلا کہ عبدالرزاق نے یہ بات کی ہے تو مجھے بہت شرمندگی ہوئی۔میں عبدالرزاق کو بھی میسج کروں گا کہ وہ اس بات پر معافی مانگیں۔“
عبدالرزاق کی اس بات پر سابقہ پاکستانی بولر شعیب اختر نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ”میں عبدالرزاق کے نامناسب الفاظ کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
کسی عورت کی اس طرح بے عزتی نہیں ہونی چاہیے۔
اس کے پاس بیٹھے لوگوں کو ہنسنے اور تالیاں بجانے کی بجائے فوراً آواز بلند کرنی چاہیے تھی۔“
https://twitter.com/shoaib100mph/status/1724409939542909127?s=19