پاکستان اور سعودی عرب جیسے دوستانہ تعلقات کبھی کسی ملک کے نہیں بنے، وزیراعظم کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات

سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کی وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد آمد۔ انکے وفد میں سعودی نائب وزیر برائے سرمایہ کاری عزت مآب انجینئیر ابراہیم بن یوسف المبارک، سعودی وزیر برائے ماحولیات، آبی وسائل و زراعت عزت مآب انجینیئر عبدالرحمن بن عبدلامحسن آلفضلی، سعودی وزیرِ صنعت و معدنی وسائل عزت مآب انجینیئر بندر بن ابراہیم بن عبداللہ آلخریف اور اعلی سعودی حکام و سفارتی اہلکار شامل تھے۔

سعودی وزیر خارجہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کا خیر مقدم کیا اور سعودی عرب کی قیادت، خادم الحرمین شریفین، عزت مآب سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پرانے اور مضبوط دوستانہ تعلقات ہیں جو کسی بھی دوسرے ملک کے ساتھ نہیں ملتے، سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے، عید الفطر کے بعد سعودی وفد کا پاکستان کا دورہ بہت خوش آئند ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان نئے دور کی شروعات ہو رہی ہے، پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں مزید تعاون کا خواہاں ہے، پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کو بڑھانے اور برادر ممالک کے ساتھ شراکت داری کو فائدہ مند بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے، پاکستان سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے پر انکا شکر گزار ہے۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم نے سعودی وفد کو پاکستان کی مختلف سرمایہ کاری کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستانی عوام شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی منتظر ہے۔ سعودی وفد نے وزیرِ اعظم کو پاکستان کی طرف سے شاندار استقبال اور مہمان نوازی کے لئے شکریہ بھی ادا کیا۔

سعودی وزیرِ خارجہ شہزاد فیصل بن فرحان آل سعود نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے سعودی عزم کی تصدیق کی۔ ملاقات میں دونوں ملکوں نے مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری پر بات چیت کی۔ وزیراعظم نے وفد کو سرمایہ کاری سہولت کونسل اور دیگر اقدامات کے بارے میں بھی مطلع کیا۔ انہوں نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تمام اداروں کی مدد اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

سعودی وفد کا دورہ پاکستان، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے ساتھ موازنے میں ہو رہا ہے۔ ملاقات میں فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، سید محسن رضا نقوی، جام کمال خان، رانا تنویر حسین، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس خان لغاری، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ محمد جہانزیب خان، رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم اور حکومتی حکام بھی شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں