ایرانی صدر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان کے دوران اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اپنے وفد کے ہمراہ دورہ پاکستان کے دوران اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال کیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمان، بلال یٰسین، خواجہ سلمان رفیق، چودھری شافع حسین، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب بھی اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز کے ہمراہ موجود تھے۔

ایرانی صدر ابرہیم رئیسی کے دورہ لاہور کی مناسبت سے شہر کی اہم شاہراہوں کو خیرمقدمی بینرز سے سجایا گیا ہے۔ ایرانی صدر نے علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی جہاں انہوں نے پھول رکھے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے گورنر ہاؤس میں ایرانی صدر کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا جائے گا۔ ایرانی صدر آج لاہور میں آدھا دن گزاریں گے جہاں ان کی وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر حکام سے ملاقاتیں ہوں گی۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ملاقات کے بعد کراچی روانہ ہو جائیں گے، شہر قائد میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ ایرانی صدر کا استقبال کریں گے، ایرانی صدر کراچی میں مزار قائد پر حاضری دیں گے اور بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں کریں گے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ لاہور اور کراچی کے موقع پر آج دونوں صوبائی دارالحکومتوں میں مقامی تعطیل ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن کے مطابق غیر ملکی معززین کی آمد کے پیش نظر سرکاری و نجی سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز سمیت سرکاری اور نجی دفاتر بھی آج بند رہیں گے۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی تین روزہ دورے پر پاکستان آئے ہیں جہاں کل اسلام آباد میں وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد ایرانی صدر وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جبکہ ان کی صدر آصف زرداری سے بھی ملاقات ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے 8 معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں