ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیموں کے درمیان جاری تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اتوار کے روز کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 48.5 اوورز میں 223 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان ویمنز کا آغاز مایوس کن رہا اور منیبہ علی صرف 2 رنز بنا کر شنیل ہنری کی گیند پر بولڈ ہوگئیں۔ سدرہ امین اور بسمہ معروف نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 80 رنز کا اضافہ کیا، سدرہ چار چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنانے کے بعد ایفی فلیچر کی گیند پر آؤٹ ہوئیں۔

انکے آؤٹ ہونے کے بعد صرف بسمہ معروف ہی قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوئیں جنہوں نے 21ویں نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے تین چوکوں کی مدد سے 65 رنز اسکور کیے اس کے علاوہ دیگر بلے باز وکٹ پر زیادہ دیر ٹھہر نہ سکیں، کپتان ندا ڈار 15 رنز، عالیہ ریاض 6، صدف شمس 9 اور فاطمہ ثنا 11 رنز بنا سکیں، وکٹ کیپر نجیہہ علوی نے 25 رنز اسکور کیے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے فاسٹ بولر شنیل ہنری اور آف اسپنر کرشما رامارک نے تین، تین جبکہ ایفی فلیچر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز ویمنز کی پہلی وکٹ 32 رنز پر گری جب رشادا ولیمز 7 رنز بنا کر ندا ڈار کی وکٹ بن گئیں جس کے ساتھ انہوں نے 100 ویں انٹرنیشنل وکٹ حاصل کر لی۔

پاکستان ویمنز کو اس وقت اہم کامیابی ملی جب کپتان ہیلی میتھیوز 44 رنز بنا کر ام ہانی کی گیند پر متبادل کھلاڑی ڈیانا بیگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئیں۔اسکے بعد شیمین کیمبل اور اسٹیفنی ٹیلر نے تیسری وکٹ کے لیے 88 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھی۔

شیمین کیمبل 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں جبکہ اسٹیفنی ٹیلر نے 9 چوکوں کی مدد سے 73 رنز اسکور کیے۔ پاکستانی بولرز نے اختتامی اوورز میں مزید تین وکٹیں لے کر میچ کو سنسنی خیز بنا دیا اور میچ کی آخری گیند پر انہیں فتح کے لیے تین رنز درکار تھے۔ اس مرحلے پر کرشمہ رمچرک نے آخری گیند پر چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرا دیا۔

ویسٹ انڈیز نے میچ میں فتح کے ساتھ ہی سیریز میں بھی 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ ویسٹ انڈیز کی اسٹیفنی ٹیلر 73 رنز کی اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔ دوسری جانب پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کر لیں۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 113 رنز سے شکست دی تھی، یہ سیریز آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 23 اپریل کو کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں