پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 7 وکٹ سے جیت لیا

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کل راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔پانچ ٹی ٹونٹی سیریز کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ میچ میں پاکستان قومی ٹیم کے اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔

اس میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی اور پاکستان کے خلاف 18.1 اوورز میں صرف 90 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ کیوی ٹیم کے بلے بازوں کو پاکستانی بولرز کے سامنے کھیلنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ زیادہ دیر تک انکے سامنے ٹک نہ سکے۔ نیوزی لینڈ کے بلے باز مارک چیپمین 19 رنز بنا کر ٹاپ اسکور بنایا۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، جبکہ محمد عامر، ابرار احمد، اور شاداب خان نے 2-2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ نسیم شاہ نے صرف ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم نے 13 ویں اوور میں 91 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی مکمل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 45 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے، انہوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور انکی اننگز میں ایک چھکا اور 4 چوکے شامل تھے۔ اس کی علاوہ عرفان خان نے 18، بابر اعظم نے 14، عثمان خان نے 7 اور صائم ایوب نے 4 رنز بنائے۔ کیویز کی جانب سے بریسویل، سودھی اور لسٹر نے پاکستانی کھلاڑیوں کی صرف ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں فاتح ٹیم کے مایہ ناز باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ محمد رضوان کو ماسٹر بلاسٹر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ابرار احمد کو بھی شاندار کارکردگی پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

نیوزی لینڈ کے کھلاڑی جوش کلاکسن کو بیماری کی وجہ سے ہوٹل تک محدود رہنا پڑ اور انہیں اس میچ میں شرکت کرنے کا موقع نہ مل سکا۔ دوسری جانب پاکستانی کھلاڑی اعظم خان پریکٹس سیشن کے دوران انجری کے باعث نے نیوزی لینڈ سیریز سے باہر ہو گئے۔ ڈاکٹرز نے انہیں دس دن کے لیے آرام کا مشورہ دیا اور ری ہیب کی وجہ سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ بارش کی باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ابتدائی دو میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو چکے ہیں جبکہ تیسرا میچ 21 اپریل کو ہو گا اور آخری دو میچز 25 اور 27 اپریل کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں