پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے ایک اور ریکارڈ بنا ڈالا!

پاکستان ویمنز ٹیم نیوزی لینڈ کو T20I سیریز میں شکست دینے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی۔پاکستان ویمنز ٹیم نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم کو دوسرے T20I میں 10 رنز سے شکست دی۔ اس جیت کے ساتھ، پاکستان ویمن نے تین میچوں کیT20I سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔پاکستان ویمنز ٹیم نے اتوار کو اسی مقام پر پہلے T20I میں نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم کو سات وکٹوں سے شکست دی۔

یہ پاکستان ویمن ٹیم کی نیوزی لینڈ کے خلاف صرف دوسری جیت ہے۔ اس کے علاوہ، پاکستان ویمنز ٹیم نیوزی لینڈ کو T20I سیریز میں شکست دینے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے اپنے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر 137 رنز بنائے، جو اس فارمیٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے زیادہ اسکور ہے۔ منیبہ علی نے 28 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے۔ پلیئر آف دی میچ عالیہ ریاض نے 22 گیندوں پر 32 رنز کی ناقابل شکست اننگز میں تین چوکے اور ایک چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو قابل احترام ٹوٹل بنانے میں مدد دی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مولی پین فولڈ اور فران جوناس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کے باؤلرز نے شروع سے وائٹ فرنز کو رنز بنانے سے روک دیا۔ نشرا سندھو نے 4 اوورز میں صرف 22 رنز دیے۔

پاکستان کی کپتان ندا ڈار آسٹریلیا کی میگن شٹ کے ساتھ ویمنز ٹی ٹونٹی میں مشترکہ طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر بن گئیں جب انہوں نے میڈی گرین کو 23 گیندوں پر 18 رنز بنا کر آؤٹ کیا، جس سے فارمیٹ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 130 ہو گئی۔

بولنگ یونٹ میں ایک بار پھر فاطمہ ثناء نے بھرپور کھیل پیش کیا۔ فاطمہ ثنا نے 22 رنز دیے اور تین وکٹیں حاصل کیں، جن میں کپتان سوفی ڈیوائن اور سوزی بیٹس کی قیمتی وکٹیں بھی شامل ہیں۔ بائیں ہاتھ کی اسپنر سعدیہ اقبال نے چار اوورز میں 29 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان ویمنز ٹیم کل کوئنس ٹاؤن کے لیے روانہ ہوگی، جہاں وہ 9 دسمبر بروز ہفتہ سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں