احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکنان کی آزادی اور نوکریاں دونوں خطرے میں

ترجمان اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی ٹی آئی مظاہرین کی اشتعال انگیزی، جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، پولیس پر حملوں میں ملوث مختلف کارروائیوں میں اب تک 316 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے

اس حوالے سے مزید گرفتاریوں کے لئے پولیس ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔ وقوعہ میں ملوث تمام ملزمان کی کیمروں کی مدد سے شناخت کا عمل بھی جاری ہے، پرتشدد واقعات میں گرفتار افراد کی اطلاع دیگر اضلاع کو بھی دی جارہی ہے تاکہ دیگر اضلاع میں مطلوب افراد ان کے حوالے کیے جا سکیں

پولیس ترجمان کے مطابق پرتشدد کارروائیوں میں ملوث سرکاری ملازمین کی اطلاع ان کے متعلقہ محکموں کو بھیجی جارہی تاکہ محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے جبکہ تمام ملزمان کا سابقہ پولیس ریکارڈ بھی حاصل کیا جارہا ہے

نہ صرف یہ بلکہ سوشل میڈیا پر متحرک سرکاری ملازمین جو اشتعال انگیز کارروائیوں میں شامل تھے ان کی نشاندھی کی جا رہی ہے تاکہ محکمانہ کارروائی کی جا سکےجبکہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث نجی اداروں اور کمپنیوں کے ملازمین کے بارے اطلاع ان کے اداروں کو بھیجی جائے گی

ترجمان کا کہنا ہے کہ تارکین وطن جو ان کارروائیوں میں شامل پائے گئے ہیں ان کے متعلقہ غیر ملکی سفارت خانوں کو خطوط لکھے جارہے ہیں، پر تشدد مظاہروں کی مالی معاونت کرنے والے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

واضع رہے کہ پر تشدد جلاؤ گھیراؤ میں 58 پولیس افسران زخمی ہوئے جبکہ 12 گاڑیوں سمیت 20 موٹر سائیکل اور ایک پولیس چوکی نذر آتش کی گئی تھی

اپنا تبصرہ بھیجیں