سکول سٹوڈنٹس نے سیلاب متاثرین کے لیے بڑی امدادی رقم جمع کر لی

اسلام آباد: پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے بڑوں کے ساتھ ساتھ پاکستانی بچوں کا بھی جذبہ ایثار دیدنی، دارارقم سکول کے بچوں نے سکول کے باہر کیمپ لگا لیا،امدادی کیمپ میں جمع ہونے والے رقم چیئرپرسن پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (PERA)کے حوالے کردی۔ چیئرپرسن ضیاء بتول نے بچوں کے جذبہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس قوم کے بچوں میں ہمدردی کا اتنا جذبہ ہو اس قوم کو کوئی طاقت کمزور نہیں کرسکتی،نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیاں لائق تحسین ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں قائم ایک نجی تعلیمی ادارے دار ارقم سکولزجی سیون مرکز کیمپس کے طلبہ نے پیر کے روز چیئرپرسن پیرا ضیا بتول سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی رقم پیش کی۔ یہ امدادی رقم طلبہ نے سکول کے باہر امدادی کیمپ لگا کر اکٹھی کی تھی جبکہ سکول انتظامیہ نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے طلبہ کو یہ امدادی رقم خود پیش کرنے کو کہا۔چیئرپرسن پیرا ضیا بتول نے طلبہ کی کاوش کو سراہا اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے امدادی رقم پیش کرنے والے بچوں کو اپنے ساتھ چائے پلائی اور کہا کہ پاکستانی بچوں کا جذبہ ایثار دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے اور اپنے ہم وطنوں کی مدد کا یہ جذبہ ہماری قوم کاسرمایہ افتخار ہے۔انہوں نے بتایاکہ نجی تعلیمی ادارے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بھرپور کوشش کررہے ہیں اور امدادی سامان اور نقد رقم جمع کرکے باقاعدہ منظم انداز میں ضرورت مندوں تک پہنچائی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں