وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر وحید راٹھور نے کہا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کا کوئی سوال آوٹ آف کورس ہے نہ ہی جوابی کلید (Answer Key) میں کوئی غلطی ہے۔ ٹیسٹ کا رزلٹ تیار کرکے پاکستان میڈیکل کمیشن کے حوالے کر دیا ہے جو اسے اپنی ویب سائٹ پر جاری کریں گے۔ منگل کے روز یو ایچ ایس جناح کیمپس میں اکیڈمک اور انتظامی سربراہان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر احسن وحید راٹھور نے ایم ڈی کیٹ کے کامیاب انعقاد پر فیکلٹی اور سٹاف کو مبارکباد دی۔ انھوں نے کہا کہ داخلوں کا عمل پاکستان میڈیکل کمیشن کی ہدایت کے مطابق اگلے چند دن میں شروع ہوگا۔ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے داخلوں کو مزید شفاف بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کا موثر استعمال کررہے ہیں۔ وی سی یو ایچ ایس نے بتایا کہ مختلف کالجوں کے سبجیکٹ سپشلسٹس نے ایم ڈی کیٹ کے پرچے کی مکمل جانچ کی۔ دو مختلف کمیٹیوں نے ایم ڈی کیٹ کے پرچے کے ایک ایک سوال اور جوابی کلید کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ سبجیکٹ سپشلسٹس نے تصدیق کی کہ ایم ڈی کیٹ مکمل طور پر پی ایم سی کے سلیبس کے مطابق ہے۔ پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کہا کہ
ایم ڈی کیٹ سے لیکر داخلوں تک کا تمام عمل شواہد پر مبنی اور شفاف بنایا ہے۔ اس موقع پر انھوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ تحقیق اور پی ایچ ڈی کو فروغ دینے کیلئے یو ایچ ایس سینٹر آف ایکسیلنس ان بائیو میڈیکل ریسرچ بنایا جائے گا۔