جامعہ سیالکوٹ اور ای-کامرس کے ایک بڑے پلیٹ فارم ویب ایکسلز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعیدالحسن چشتی نے کہا ہے کہ ای کامرس تجارت کا مستقبل ہے۔ جس میں طلباء و طالبات کے لیے روزگار اور کاروبار کے بے پناہ مواقع موجود ہونگے۔
منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ہمیں روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید تقاضوں کو بھی ساتھ لے کر چلنا ہو گا۔ طلبہ کے لئے پیشہ ورانہ مہارت انکی عملی زندگی کے لیے ناگزیر ہے اور اس سلسلے میں مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔ اس معاہدے کے تحت ویب ایکسلز یونیورسٹی کے طلباوطالبات کو فنی اور پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
یونیورسٹی کی جانب سے ڈین انٹرافیکلٹی ڈاکٹر محمد اسلم ڈار اور ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز ایاز قیصر جبکہ ویب ایکسلز کی جانب سے سی ای او محمد شہباز صدیقی اور ڈائریکٹر روبینہ شہباز نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
اس موقع پر ڈین انٹرافیکلٹی ڈاکٹر محمد اسلم ڈار کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ تخلیق کاروں کا شہرہے اور اس کی مٹی بہت رزخیز ہے۔ طلباء میں جدید دور کے کاروباری رجحان کا تیزی سے بڑھنا خوش آئند ہے۔
مزید اس موقع پر ویب ایکسلز کے سی ای او محمد شہباز صدیقی نے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ای-کامرس ایک غیررسمی تعلیم ہے اور اس میں عملی تربیت اور مہارت وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ طلباء کی جدید کاروباری رجحانات پر مہارت اور شوق کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ادارہ ہر ممکن طریقے سے یونیورسٹی کے طلباء کو تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں مدد کرے گا۔
تقریب کے اختتام میں یادگاری اسناد کا تبادلہ بھی کیا گیا۔