ایم ڈی کیٹ امتحان ملتوی کیا جائے، وائے ڈی اے پنجاب سٹوڈنٹس کے حق میں بول اٹھی

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب نے ملک بھر میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور میڈیکل سٹوڈنٹس کو امتحان کی تیاری میں درپیش مشکلات کے پیش نظر ایم ڈی کیٹ فی الفور ملتوی کرنے کا مطالبہ کر دیا

اس حوالے سے وائے ڈی اے پنجاب کے سرپرست اعلی ڈاکٹر سلمان حسیب چوہدری نے کہا کہ پی ایم سی کی جانب سے وزارت صحت کے خط کے باوجود امتحان کو بس 7 دن کے لیے ملتوی کرنا سمجھ سے بالاتر ہے اس نازک وقت میں جب سیلاب متاثرین اپنی جانیں بچانے اور اپنا بچا کھچا سامان سمیٹنے میں مصروف ہیں اس وقت ان سے امتحان کی تیاری کی امید کرنا حیران کن ہے

ڈاکٹر سلمان حسیب کی جانب سے یہ مطالبہ کیا گیا کہ کم از کم سٹوڈنٹس کو دو ماہ کا وقت دیا جائے تاکہ وہ امتحان کی تیاری بھرپور طریقے اور مکمل دھیان کے ساتھ کر سکیں

سرپرست وائے ڈی اے پنجاب کی جانب سے اس موقع پر پی ایم سی کو خبردار بھی کیا گیا کہ میڈیکل سٹوڈنٹس کے ساتھ کسی بھی زیادتی کی صورت میں ینگ ڈاکٹرز سے خاموشی کی توقع نہ کی جائے انہوں نے یہ تجویز دی کہ پاکستان میڈیکل کمیشن سٹوڈنٹس کے حوالے سے اپنی موجودہ پالیسی پر نظر ثانی کرے

واضع رہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کی جانب سے بھی پی ایم سی کو ایم ڈی کیٹ امتحان کم از کم دو ماہ ملتوی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم پی ایم سی حکام اس ساری صورتحال میں تاحال خاموش ہیں جس سے 14 ستمبر سے شروع ہونے والے ایم ڈی کیٹ امتحان دینے والے سٹوڈنٹس کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں