علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی دنیا کی سبز ترین 300جامعات میں شامل

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے دنیا کی سرسبز ترین 300جامعات میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یو آئی گرین میٹرک کی 2023ء کے لئے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق عالمی یونیورسٹیوں کی درجہ بندی میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی دنیا کی سبز ترین یونیورسٹیوں میں 293ویں نمبرپر آگئی ہے۔

اس ر پورٹ کے مطابق اوپن یونیورسٹی کوپاکستان کی سبز ترین جامعات میں 8ویں جبکہ وفاقی چارٹڈرڈ یونیورسٹیوں میں تیسری پوزیشن ملی ہے۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اِس اعزاز پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کامیابی کا کریڈٹ درحقیقت آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن اور یونیورسٹی کے مالیوں کو جاتا ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کیمپسز کو مزید سرسبز بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ آئندہ سال اس سے بہتر پوزیشن حاصل کرسکیں۔

واضح رہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے مین کیمپس کے ساتھ ساتھ علاقائی کیمپسز کو سرسبز بنانے کے لئے عملی اقدامات کرکے دنیا بھر میں اپنی پوزیشن کو نمایاں طور پر بہتر کیا ہے جوگزشتہ دو سالوں کی درجہ بندی کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے۔2021ء میں عالمی یونیورسٹیوں کی درجہ بندی میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی دنیا کی سبز ترین یونیورسٹیوں میں 485ویں نمبرپر آئی تھی جبکہ 2022ء میں یونیورسٹی نے عالمی جامعات میں 331ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں