پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ میں پہلی بار نیوزی لینڈ کی ٹیم کو شکست دے کر تاریخ رقم کی ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ 3 دسمبر کو نیوزی لینڈ کے اسٹیڈیم یونیورسٹی اوول میں کھیلا گیا۔
نیوزی لینڈ ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
نیوزی لینڈ ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 127 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے میڈی گرین نے 28 گیندوں پر 43 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ پاکستان کی طرف سے فاسٹ بولر فاطمہ ثنا نے چار اوورز میں 18 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے مقررہ ہدف 10 گیندوں پہلے ہی حاصل کر لیا۔پاکستان کی طرف سے شوال ذوالفقار نے 41 رنز بنائے جبکہ عالیہ ریاض نے 12 گیندوں پر 25 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
یاد رہے کہ یہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کی تاریخ میں پہلی جیت ہے۔