اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مسلسل حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جبالیا میں قائم پناہ گزینوں کے کیمپ پر کی گئی حالیہ اسرائیلی گولہ باری کی حکومت پاکستان نے شدید مذمت کی ہے
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بچوں اور خواتین کی موجودگی میں پناہ گاہ پر خونریز حملہ انتہائی خطرناک ہے، عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو اسرائیلی جارحیت کا فی الفور نوٹس لینا ہوگا
ترجمان دفتر خارجہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ حملہ غزہ کی عوام کے خلاف جاری جنگی جرائم کی ایک کڑی ہے، اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینی شہریوں کی نسل کشی کسی صورت قابل قبول نہیں
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ بین الاقوامی برادری، خصوصاً اسرائیل کے حامی ممالک کو فی الفور اسرائیل کے وحشی حملوں کو ختم کرنے، غزہ کے داخلی و خارجی راستوں کو کھولنے، شہریوں کی حفاظت، اور غزہ کے مظلوم عوام کو مسلسل ریلیف سپلائی پہنچانے کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا بصورت دیگر یہ جنگ خطے کے امن و سلامتی کے لیے خطرے اور چیلنج کا باعث بن سکتی ہے