آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 1998 میں آئی سی سی ناک آؤٹ ٹورنامنٹ کے نام سے کیا گیا تھا۔اس کا انعقاد بنگلہ دیش میں کیا گیا تھا ۔اس ٹورنامنٹ میں 9 ٹیموں نے شرکت کی جبکہ جنوبی افریقہ اس ٹورنامنٹ کی فاتح قرار پائی تھی ۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اب تک 8 ٹورنامنٹس ہو چکے ہیں۔1998 میں جنوبی افریقہ ،2000 میں نیوزی لینڈ ،2004میں ویسٹ انڈیز ،2006 اور 2009 میں آسٹریلیا ،2013 میں انڈیا اور 2017 میں پاکستان چیمپئنز ٹرافی کی حقدار قرار پائی ۔2002 کا فائنل بارش کی وجہ سے پورا نہیں ہو سکا تھا جس کی وجہ سے دونوں فائنلسٹ انڈیا اور سری لنکا کو مشترکہ فاتح قرار دیا گیا تھا ۔
چیمپئنز ٹرافی میں شریک ٹیموں کی تعداد
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے ایڈیشن میں 9 ٹیموں نے شرکت کی ۔دوسرے ایڈیشن میں 11 جبکہ تیسرے اور چوتھے ایڈیشن میں 12 ٹیموں نے شرکت کی۔ پانچویں ایڈیشن میں 10 ٹیموں نے شرکت کی جبکہ بعد میں ٹیموں کی تعداد کم کر کے 8 کر دی گئی ۔
چیمپئنز ٹرافی کی موجوہ چیمپیئن
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی موجوہ چیمپیئن ٹیم پاکستان ہے۔2017 چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 180 رنز سے شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی تھی۔اس وقت سرفراز احمد پاکستان ٹیم کے کپتان تھے ۔
چیمپئنز ٹرافی 2025
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 فروری اور مارچ 2025 کو پاکستان میں کھیلی جائے گی۔ نومبر 2021 میں ٹی 20 ورلڈکپ کے دوران آئی سی سی کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ پاکستان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کرے گا ۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کا کوالیفیکیشن سنیریو
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں کوالیفائی کرنے کےلئے آئی سی سی کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کی ٹاپ 7 ٹیمیں اس ٹورنامنٹ کےلئے کوالیفائی کریں گی ۔ پاکستان نے میزبان کے طور پر پہلے ہی اس ٹورنامنٹ کےلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔
اس حوالے سے کچھ کرکٹ بورڈز نے تشویش کا اظہار کیا ہے کہ انہیں اس کوالیفیکیشن سنیریو کا نہیں پتا تھا ۔یاد رہے کہ کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے 29 میچز کے بعد بھارت پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ہے ۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم پہلے ہی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئی ہے۔