اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن جس میں گزشتہ 48گھنٹوں کے دوران 26 منشیات فروش گرفتارکر لیے گئے۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 04 کلو983 گرام ہیروئن اور 08 کلو 550 گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ گرفتار ملزمان کیخلاف مختلف تھانہ جات میں مقدمات درج کر لیا گیا ہے۔
مزید آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کے خصوصی احکامات پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تمام ڈی پی اوز کو اپنی زیرنگرانی کارروائیوں کو مزید تیز اور موثر بنانے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کا اس موقع پر کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے۔ شہر سے منشیات کے خاتمے تک ان خصوصی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی عناصر کو نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کے بار میں اپنے متعلقہ تھانہ یا پکار-15 کر اطلاع دیں۔