پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں تعلیم کا نظام اور معیار نہایت پست ہے۔ ہر سال تعلیمی اخراجات اور یونیورسٹی کی فیسوں میں اضافے کی وجہ سے بہت سے سٹوڈنٹس اعلٰی تعلیم حاصل کرنے کے خواب کو پورا نہیں کر پاتے۔ بین الاقوامی ممالک کی جانب سے پاکستانی سٹوڈنٹس کو مکمل طور پر مفت تعلیم حاصل کرنےکے لیے انڈرگریجویٹ، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی ڈگری پروگرامز کے لیے اسکالرشپس کے درجنوں مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، مگر 90 فیصد سٹوڈنٹس ان اسکالرشپس کے مواقعوں کو نظر انداز کر دیتے ہیں جس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ ان کو اسکالرشپ کے لیے اپلاٸی کرتے وقت جن اہم دستاویزات کی ضرورت ہوتی ہے انکو تیار کرنے کا طریقہ کار معلوم نہیں ہوتا۔ اس حوالے سے ایم این بی اردو نے چند اہم دستاویزات کے متعلق مکمل گاٸیڈ لاٸن تیار کی ہے تا کہ آپ اسکالرشپس کے لیے درکار اہم دستاویزات کو تیار کر کے بیرون ملک تعلیم حاصل کر سکیں اور اپنے تمام خوابوں کو تکمیل تک پہنچا سکیں۔
• بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے لیے ضروری دستاویزات کی فہرست:
بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے لیے کٸی دستاویزات درکار ہوتے ہیں جن میں سے چند اہم دستاویزات کی فہرست درج ذیل ہے:
١۔ اسکالرشپ درخواست فارم:
درخواست فارم ایک اہم اور ضروری دستاویز ہے جو بیرون ملک تعلیم حاصل کرنےکے لیے لازمی درکار ہوتا ہے۔ کسی بھی اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے کا پہلا مرحلہ درخواست فارم کو مکمل اور درست طریقے سے پُُُر کرنا ہے۔ اس فارم میں آپ اپنا نام، فون نمبر، گھر کا پتہ، تعلیمی پس منظر، تعلیمی کامیابیوں، غیر نصابی سرگرمیوں اور دیگر ذاتی معلومات کو درج کرتے ہیں۔ فارم میں کسی قسم کی غلط یا گمراہ کن معلومات درج کرنے سے آپ کی درخواست مسترد کر دی جاٸے گی۔ لٰہذا اس فارم کو احتیاط سے پُر کریں اور اسے متعلقہ یونیورسٹی یا ادارے کے سرکاری ای میل ایڈریس پر جمع کروائیں۔
٢۔ قومی شناختی کارڈ یا پاسپورٹ کی کاپی:
اسکالرشپ حاصل کرنے کے لیے ایک اور اہم دستاویز آپ کا پاسپورٹ یا شناختی کارڈ کی کاپی ہے۔ یہ ایک ذاتی دستاویز ہے جو آپ کی رہائش یا قومیت کا ثبوت پیش کرتا ہے۔ درخواست جمع کرواتے ہوٸے آپ اس بات کو یقینی بناٸیں کہ پاکستان سے روانگی کے وقت آپ کا پاسپورٹ کم از کم چھ ماہ تک کے لیے کارآمد ہونا چاٸیے۔ آپ کو اپنے پاسپورٹ کے پہلے صفحے کی اسکین شدہ کاپی اپ لوڈ کرنی ہو گی، جس میں آپ کی تصویر اور ذاتی معلومات شامل ہوتی ہیں۔ اگر آپ کی تصویر آپ کے پاسپورٹ پر موجود نہیں ہو گی تو درخواست مسترد کر دی جائے گی۔ اگر آپ کے پاس پاسپورٹ نہیں ہے تو آپ اپنے بین الاقوامی پاسپورٹ کے لیے جلد درخواست دیں تاکہ جلد از جلد اپنا اسٹوڈنٹ ویزا حاصل کر سکیں۔
٣۔ اکیڈمک ٹرانسکرپٹ:
داخلہ کمیٹی کو تعلیم کے ثبوت کے طور پر یونیورسٹی کے تعلیمی ٹرانسکرپٹس کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس سے درخواست گزار کی تعلیمی کارکردگی کو سمجھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ یہ ایک لازمی دستاویز ہے جس کے بغیر کوئی طالب علم غیر ملکی یونیورسٹیوں میں داخلے کے لیے درخواست نہیں دے سکتا۔ تعلیمی ٹرانسکرپٹس کو مختلف ممالک میں مختلف ناموں سے پکارا جاتا ہے جیسے مارک شیٹس، ریکارڈ کی نقلیں، رپورٹ کارڈ، تعلیمی سرٹیفکیٹ وغیرہ۔
گریجویٹ پروگراموں کے لیے درخواست دینے والے طلباء کو ہائی اسکول ٹرانسکرپٹس کی ضرورت ہوتی ہے، جبکہ پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کے لیے درخواست دینے والوں کو اپنی گریجویشن یا متعلقہ سابقہ یونیورسٹی کی تعلیمی نقلیں فراہم کرنی پڑتی ہیں۔ اپلائی کرتے وقت آپ کو اپنے ٹرانسکرپٹس کی سافٹ کاپی ہمیشہ اپنے پاس رکھنی چاہیے۔
اپنا ٹرانسکرپٹ جمع کرانے سے پہلے درج زیل اہم نکات ذہن میں رکھیں:
١۔ دستاویز انگریزی زبان میں ہونی چاہیے۔
٢۔ پڑھنے کے قابل ہونا چاہیے۔
٣۔ معلومات درست اور بغیر کسی غلطی کے ہونی چاہیے۔
٤۔ لیٹر آف موٹیویشن (LOM) یا حوصلہ افزائی کا خط:
یہ ایک مختصر خط ہے جو ایک صحفے پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس خط میں آپ اپنی شخصیت، اپنے مقاصد، اس وجہ کی وضاحت دیتے ہیں کہ آپ نے اسکالرشپ کے لیے درخواست کیوں دی ہے، یہ آپ کے لیے کیوں اہم ہے، اور اس کا آپ کے مستقبل کے مطالعے اور کیریئر س اس کا کیا تعلق ہے؟ اس خط کو لکھتے وقت آپ اپنی بہترین خوبیوں کو مختصراً بیان کر کے لکھیں۔
ایک بہترین حوصلہ افزاٸی کا خط لکھنے کے لیے درج ذیل مراحل پر عمل کریں:
مرحلہ ١: ایک لیٹر ہیڈ بنائیں
اپنے حوصلہ افزائی کے خط کے اوپر اپنا نام، پتہ، ٹیلی فون نمبر، اور ای میل ایڈریس کے ساتھ ایک لیٹر ہیڈ بنائیں۔
مرحلہ ٢: خط وصول کرنے والے کا نام لکھیں
لیٹر ہیڈ کے نیچے، اپنے خط وصول کرنے والے (جیسے کہ داخلہ کمیٹی یا اسکالرشپ کمیٹی) کا نام
اور پتہ تحریر کریں۔
مرحلہ ٣: تعارفی پیراگراف لکھیں
پہلے پیراگراف میں آپ اپنے خط لکھنے کا مقصد بیان کریں اور اس بات کی وضاحت دیں کہ آپ اس اسکالرشپ کے لیے صحیح امیدوار کیوں ہیں؟ آپ کو اس پیراگراف میں اپنی ذاتی معلومات جیسے عمر، جنس نسل اور اپنا تعارف کرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ پہلا پیراگراف صرف 3 یا 4 جملوں پر مشتمل ہونا چاٸیے۔
مرحلہ ٤: باڈی پیراگراف لکھیں
موٹیویشن لیٹر کے باڈی پیراگراف میں آپ کو اپنی قابلیتوں، تجربات، ہنر، شوق اور دیگر مشاغل کے بارے میں تفصیلات لکھنی چاہئے۔آپ یہ وجہ بھی بیان کریں کہ آپ اس اسکالرشپ کے لیے درست امیدوار کیوں ہیں؟ باڈی پیراگراف 2 یا 3 پیراگراف پر مشتمل ہونا چاٸیے۔
مرحلہ ٥: آخری پیراگراف لکھیں
آخری پیراگراف میں آپ داخلہ کمیٹی سے اپنی توقعات کا اظہار کریں اور انکا شکریہ ادا کریں۔
مرحلہ ٦: پروف ریڈنگ
آخر میں آپ اس خط میں املاء یا گرامر کی غلطیوں کو درست کرنے کے لیے اسے دو یا تین بار لازمی پڑھیں۔
٥۔ ریکمنڈیشن لیٹر (LOR) یا سفارشی خطوط (1/2):
ریکمنڈیشن لیٹر (LOR) یا سفارشی خطوط ایک اہم دستاویز ہے جس میں طلباء کی صلاحیتوں، خوبیوں اور کامیابیوں کے بارے میں لکھا جاتا ہے۔ عام طور پر آپ کو صرف ایک سفارشی خط جمع کروانا پڑتا ہے، لیکن کچھ ڈگریوں کے لیے آپ کو ایک سے زیادہ سفارشی خطوط جمع کروانے کی ضرورت بھی پیش آ سکتی ہے ۔ یہ خط آپ کے اساتذہ، ڈائریکٹر، یا اس شخص کی طرف سے لکھا جاتا ہے جو آپ کو اچھی طرح جانتا ہو۔ عام طور پر اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے کے لیے اساتذہ کو طلبہ کے لیے سفارشی خط لکھنا پڑتا ہے۔ اس خط میں آپ کے استاد کو چاٸیے کہ وہ آپ کی بہترین خوبیوں، مہارتوں ، صلاحیتوں اور قابلیت کو بڑھا چڑھا کر بیان کرے۔ اس خط کے ذریعے اسکالرشپ فراہم کرنے والے ادارے یا داخلہ کمیٹی کو آپ کی خوبیوں، مہارتوں اور صلاحیتوں کے بارے میں معلومات حاصل ہو گی۔
٦۔ سی وی/ریزیوم:
سی وی (CV) ایک اہم دستاویز ہے کیونکہ یہ داخلہ کمیٹی پر پہلا تاثر ڈالتی ہے۔ بیرونی ممالک میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے طلباء کے پاس بہترین سی وی (CV) ہونا ضروری ہے جس میں وہ اپنی ذاتی معلومات(جیسے نام، والد کا نام، گھر کا پتہ، ای میل، فون نمبر وغیرہ)، تعلیمی اور پیشہ ورانہ قابلیت، مہارت، کامیابیوں کا ذکر کریں گے۔ آپ سی وی میں ان زبانوں کو تحریر کر سکتے ہیں جن میں آپ ماہر ہیں۔
٧۔ معیاری ٹیسٹ کے اسکور:
کسی بھی غیر ملکی یونیورسٹی میں درخواست دینے کے لیے کچھ ٹیسٹ اسکورز کی ضرورت پیش آتی ہے۔ آپ کو درخواست میں آگے بڑھنے کے لئے انگریزی زبان کی مہارت کا ثبوت دینا ضروری ہے۔ یہ امتحان آپ کی زبانی قابلیت کا جائزہ لینے کے لئے ہوتا ہے تاکہ آپ باہر کے تعلیمی اداروں میں داخل ہو سکیں۔ ایسے امتحان میں عموماً سننے، بولنے، پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ ان میں سے کچھ مشہور امتحانات ٹوفل (TOEFL) یا آئی ایل ٹی ایس (IELTS) ہیں جو انگریزی زبان کے لئے ہوتے ہیں۔ امتحان کے نتائج کے مطابق ، آپ کو مختلف تعلیمی اداروں میں داخل ہونے کی اجازت ملتی ہے۔ ان ٹیسٹ کے امتحان کی تفصیلات اور اطلاعات کے لئے آپ اپنے ملک کے تعلیمی اداروں یا بین الاقوامی تعلیمی اداروں سے رابطہ کریں۔
پروفیشنسی ٹیسٹس (Proficiency Tests) ہر ممالک کے لئے مختلف ہوتے ہیں جن میں سے چند اہم درج ذیل ہیں:
١۔ TOEFL (انگریزی)
٢۔ IELTS (انگریزی)
٣۔ DELF (فرانسیسی)
٤۔ DELE (ہسپانوی)
٥۔JLPT (جاپانی)
اسکالرشپ کے لیے درخواست دیتے وقت دیگر اضافی معلومات:
١۔ اگر دستاویزات کا ترجمہ انگریزی کے علاوہ کسی دوسری زبان میں ہو تو آپ کو اصل اور ترجمہ شدہ دونوں دستاویزات کو جمع کرانا ہوگا
٢۔ گرائمر اور املاء کی غلطیوں سے بچنے کے لیے اپنا درخواست فارم اور ضروری دستاویزات کو جمع کرانے سے پہلے دو بار چیک کریں
٣۔ آپ صرف وہ دستاویزات جمع کروائیں جو یونیورسٹی کو درکار ہوں اور کوئی اضافی چیزیں نہ بھیجیں
٤۔ آپ درخواست کی آخری تاریخ کو ذہن میں رکھتے ہوٸے درخواست فارم اور دستاویزات آخری تاریخ سے پہلے جمع کرانے کی کوشش کریں
٥۔ درخواست کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے اپنے تمام دستاویزات کی تصدپق شدہ کاپیاں جمع کراٸیں
٦۔ دستاویزات اور درخواست فارم جس فارمیٹ یا شکل میں جمع کرانے کو کہا گیا ہو آپ اسی فارمیٹ میں بھیجیں (جیسے پی ڈی ایف، جے پی جی وغیرہ)۔
اوپر دی گٸی تمام تفصیلات کو غور سے پڑھیں اور ان اہم دستاویزات کو جلد از جلد تیار کریں۔ ان تمام دستاویزات کو پہلے سے تیار رکھنے سے آپ درخواست کے عمل کو یقینی بنا کر بیرون ملک تعلیم کرنے کے امکانات بڑھا سکیں گے۔