ڈاکٹرز کے احتجاج کو کونسل کے سامنے رکھیں گے، صدر پی ایم ڈی سی

پی ایم ڈی سی کے باہر جاری ڈاکٹرز کے احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے صدر پی ایم ڈی سی کا کہنا ہے کہ غیر ملکی گریجویٹس کے احتجاج کے خدشات کو کونسل کے سامنے فیصلہ کے لیے رکھا جائے گا

ترجمان پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی میڈیکل گریجویٹس جو این آر ای کا امتحان پاس نہ کرسکے کی جانب سے منگل کو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، اور مطالبہ کیا کہ قومی امتحانی بورڈ کے امتحان میں پاسنگ مارکس کو 70 فیصد سے کم کرکے 50 فیصد کیا جائے۔

ترجمان کے مطابق صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے صبح 10:30 بجے غیر ملکی میڈیکل گریجویٹس کے وفد سے ملاقات کی۔ جس میں انہوں نے گریجویٹس کے تحفظات سنے اور انہیں آگاہ کیا کہ پاسنگ مارکس 70 فیصد مقرر کرنے کا فیصلہ اکیڈمک بورڈ کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء کے مطالبے پر غور کیا جائے گا لیکن اس پر عمل درآمد ایسے امتحان پر نہیں ہو سکتا جو پہلے ہی منعقد ہو چکا تھا۔ انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ اس معاملے کو جلد از جلد مزید غور و خوض اور فیصلے کے لیے پی ایم اینڈ ڈی سی کونسل کے سامنے رکھا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ این آر ای امتحان نیشنل یونیورسٹی میڈیکل سائنسز (NUMS) کے ذریعے شفاف طریقے سے پی ایم اینڈ ڈی سی کی نگرانی میں منعقد کیا گیا۔ نتیجہ NUMS سے موصول ہوا اور اسی دن PM&DC کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا گیا۔ این آر ای کا امتحان ملک کے چار شہروں لاہور، راولپنڈی، کراچی اور پشاور میں گریجویٹوں کی سہولت کے لیے منعقد کیا گیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ایم ڈی سی اکیڈمک بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے، بورڈ اب سے این آر ای، این ای بی اور ایم ڈی سی اے ٹی کے تمام امتحانی معاملات کو دیکھے گا۔

صدر نے مزید کہا کہ NRE امتحان کے انعقاد کا مقصد پاکستان میں مریضوں کے لیے قابل ڈاکٹروں کے انتخاب کو یقینی بنانا ہے۔ یہ امتحان مریضوں کی حفاظت کو ذہن میں رکھنے کے لیے ہے اور لوگوں کی قیمتی جانوں کو نااہل ڈاکٹروں/گریجویٹس کے ہاتھ میں نہیں ڈالا جا سکتا۔ PMDC ایک ذمہ دار ادارہ ہے جو قواعد و ضوابط کی پابندی پر یقین رکھتا ہے۔

احتجاج کے دوران رجسٹرار نے عملے کو ہدایت کی کہ وہ غیر ملکی گریجویٹس کو پرامن احتجاج کرنے دیں، انہیں سخت گرمی میں پانی کی سہولت بھی دینے کی ہدایت اور عملے کو تاکید کی گئی کو وہ سب تحمل کا مظاہرہ کریں۔
غیر ملکی گریجویٹس کے لیے یہ امتحانات پوری دنیا میں منعقد کیے جاتے ہیں جس کا مقصد سب سے زیادہ قابل ڈاکٹروں کو حاصل کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں