علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے میٹرک تا پی ایچ ڈی پروگرامز کے داخلے 15جولائی سے شروع ہورہے ہیں جس میں بلوچستان، سابقہ فاٹا اور گلگت بلتستان میں میٹرک کی تعلیم مفت فراہم کی جائے گی۔وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے یونیورسٹی کے متعلقہ ریجنل ڈائریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ یونیورسٹی کے اس پیغام کو اِن تینوں علاقوں میں گھر گھر پہنچا دیں تاکہ اِن علاقوں میں علم حاصل کرنے کا ایک بھی خواہشمند یونیورسٹی کی اس سہولت سے محروم نہ رہے۔
ڈاکٹر ناصر محمود کا کہنا ہے کہ اوپن یونیورسٹی پاکستان کے ہر شہری کو تعلیمی نیٹ ورک میں لانے کی بھر پور کوشش کررہی ہے۔کوشش ہے کہ ایک بھی نوجوان محض مالی وسائل کی کمی کے باعث اعلیٰ اور معیاری تعلیم سے محروم نہ رہ جائے، اس مقصد کے لئے یونیورسٹی غریب اور مستحق طلبہ کو بھی داخلہ فیس میں رعایت فراہم کرے گی
داخلہ فیس میں رعایت حاصل کرنے والی اسکیم سے کم آمدنی والے لیکن ایسے ذھین طلباء و طالبات سب سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں گے جو محض داخلہ فیس ادا کرنے کی استعداد نہ رکھنے کے باعث تعلیم ترک کردینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔غریب اور مستحق طلبہ کو فیس میں رعایت حاصل کرنے کے لئے متعلقہ ریجنل آفس سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں یونیورسٹی ملک بھر کی جیلوں میں مقید افراد کو معاشرے کے لئے مفید شہری بنانے کے لئے تعلیمی خدمات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے یونیورسٹی جیلوں میں قیدیوں کو مفت تعلیم فراہم کررہی ہے۔ قیدیوں کے لئے تدریسی ورکشاپس ٗ ٹیوٹوریل میٹنگز اور فائنل امتحانات بھی جیل کی حدود ہی میں منعقد کئے جائیں گے۔