پنجاب کے مدارس میں طلبہ کو تعلیم کے ساتھ تکنیکی تربیت دینے کا فیصلہ

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارپنجاب میں دینی مدارس کے طلبہ کو انگریزی لکھنے اور بولنے کے علاوہ ہنر مند بنانے کے لیے فنی اور تکنیکی تربیت بھی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق محکمہ صنعت و تجارت نے محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام چلنے والے دینی مدارس کے طلبہ کے لئے جدید پیمانے پر ووکیشنل ٹریننگ دینے کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے تاکہ دینی تعلیم حاصل کرنے والے طالبعلم اپنے و اپنے اہل خانے کے لئے مناسب و باعزت روزگار حاصل کر سکیں اور ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکیں۔دونوں محکموں کی باہمی مشاورت سے دینی مدارس کے طلبہ کو کمپیوٹر اپلیکشن گھریلو اشیاء کی مرمت اور انگریزی زبان کی بول چال کی تربیت دی جائے گی۔

ٹیکنیکل اور ووکیشنل کورسز کا دورانیہ 6ماہ ہوگا جبکہ انگریزی بول چال کورس کا دورانیہ 3ماہ کا ہوگا۔ کورسز کی کلاسیں ہفتے میں 6دن ہوں گی جو کہ کریکلم کی ضروریات کے مطابق ہیں۔ ایم او یو ابتدائی طور پر ایک سال کے لئے سائن کیا جارہا ہے جس میں بعدازاں مزید توسیع کر دی جائیگی۔ ڈائریکٹر جنرل آپریشنز ٹو ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی اور ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور و اوقاف اس پروگرام کے فوکل پرسن ہوں گے۔ جس میں کورسز مکمل ہونے پر فائنل امتحان پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اورلے گا اور کامیاب طلباء کو سرٹیفکیٹ بھی جاری کرے گا۔

مزید دونوں محکموں کے درمیان بدھ کے روز ایک ایم او یو پر دستخط ہوں گے ، سب سے پہلے حضرت داتا گنج ہجویری مدرسہ لاہور کے 150 طلبہ کے ووکیشنل ٹریننگ و انگریزی زبان سکھانے کے لئے کلاسز شروع کی جائیں گی جہاں پر ٹیوٹا پنجاب کے انسڑکٹرز ان طلبہ کو ووکیشنل ٹریننگ دیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری صنعت و تجارت پنجاب محمد احسان بھٹہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار حکومت پنجاب دینی مدارس کے طلبہ کو جدید ووکیشنل علوم کی ٹریننگ دینے کا انقلابی پروگرام شروع کر رہی ہے ، یہ اپنی نوعیت کا پہلا فنی تربیت کا پروگرام ہوگا جس سے صوبے کے مدارس میں پڑھنے والے لاکھوں طالبعلم استفادہ حاصل کر سکیں گے۔

اس موقع پر سیکرٹری صنعت و تجارت کا کہنا تھا کہ انکا ڈیپارٹمنٹ سکول ایجوکیشن پنجاب کے ہزاروں طلبہ و طالبات کو ووکیشنل ٹریننگ دینے کا پروگرام شروع کر چکا ہے تاکہ عام طلبہ بھی اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ کوئی ہنر سیکھ سکیں اور ملک و قوم کے لئے کار آمد شہری بن سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں