اسلام آباد ٹریفک پولیس میں لائسنس کے حوالے سے جدید ڈیجیٹل ریفارمز متعارف

اسلام آباد کے رہائشی پاکستان اور بیرون ملک مقیم شہریوں کے ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سے تمام مسائل ختم ہونے کے قریب پہنچ گئے، چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد ایس ایس پی ڈاکٹر مصطفی تنویر کی جانب سے ٹریفک پولیس میں جدید اصلاحات متعارف کروا دی گئیں جس کے تحت لائسنس کے اجراء، تجدید اور تصدیق کے لیے ڈیجیٹل نظام کا اجراء کیا جائے گا

نئی ریفارمز کے تحت غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس کے حامل افراد اور تارکین وطن کےلیے جدید نظام متعارف کروا گیا ہے

جدید نظام کے حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر ایس ایس پی ڈاکٹر مصطفی تنویر کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس یافتہ افراد کو ریکارڈ کی تصدیق کے بعد اسلام آباد کا ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جائے گا جبکہ لائسنس کے اجراء سے قبل ایک مختصر تربیتی کورس کرنا لازمی ہوگا

ڈاکٹر مصطفی تنویر کا کہنا ہے کہ بیرون اور اندرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کےلیے آن لائن بائیو میٹرک تصدیق کا طریقہ کار اپنایا جائے گا

انہوں نے کہا کہ تجدید شدہ ڈرائیونگ لائسنس درخواست گزار کے گھر ارسال کیا جائے گا ان جدید اقدامات سے خواتین اور بیرونِ ملک مقیم افراد خصوصی طور پر مستفید ہوں گے

سی ٹی او اسلام آباد کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء، تجدید اور تصدیق کا تمام عمل فیض آباد منتقل کیا جارہا ہے جہاں جدید نظام کا مئی کے وسط میں باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا

پولیس ترجمان کے مطابق جدید اصلاحات کی نگرانی سی پی او سیف سٹی شعیب خرم جانباز اور ایس ایس پی ٹریفک براہ راست کریں گے جس سے نئے نظام کے نفاذ میں آسانی ہوگی

اپنا تبصرہ بھیجیں