پاکستان میڈیکل اور ڈینٹل کونسل کے باضابطہ فعال ہونے کے بعد وفاقی حکومت اور وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی جانب سے پی ایم ڈی سی ملازمین کی 2 سال سے بند پینشن دوبارہ بحال کردی گئی۔ پی ایم سی کے آنے کے بعد پی ایم ڈی سی ملازمین کو جہاں بے جا نکالا گیا وہیں پی ایم سی کی کونسل کی جانب سے تمام ملازمین بالخصوص غریب و مستحق ملازمین کے بڑھاپے کے سہارے پینشنز کو بھی بند کردیا گیا تھا۔ اس حکومت کے آنے کے بعد پی ایم ڈی سی بل پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور اور باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی خصوصی دلچسپی سے ادارے کے ملازمین کی بند پینشن کو دوبارہ بحال کیا گیا۔وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنا وعدہ پورا کیا اور ہمیشہ کی طرح پاکستان پیپلز پارٹی ملازمین کے حق میں رہی ہے اور اسی کا ہی عہد کرتی رہی۔ پینشنز کی دوبارہ بحالی اور وفاقی وزیر صحت کی اس بارے خصوصی دلچسپی لینے پر پی ایم ڈی سی ملازمین کی جانب سے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ ملازمین کا کہنا تھا وفاقی حکومت بالخصوص وفاقی وزیر صحت کا ملازمین کیلئے کئے گئے اقدامات پر انکا تہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پی ایم ڈی سی ملازمین سالوں سے ادارے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔
