سابق وزیراعظم عمران خان سے نوجوانوں کے ڈیجیٹل مسائل کے حوالے سے ڈاکٹر نعمان کی ملاقات

سابق وزیراعظم عمران خان سے ای سکل وائزر (eSkillVisor) کے بانی و صدر ڈاکٹر نعمان منیر کی ملاقات ہوئی جس میں نوجوانوں کے ڈیجیٹل مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، انہیں جدید تعلیم و فنی مہارت کی فراہمی سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ پاکستانی نوجوانوں پر قوم کو بہت امیدیں وابستہ ہیں جو ملک کی سیاسی،سماجی و معاشی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

ان کا مزید یہ کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ملکی نوجوانوں کے لیے آئی ٹی، سکالرشپ،یوتھ لون،یوتھ انٹرنشپ،احساس سکالرشپ، ڈیجیٹل پاکستان وژن،کامیاب نوجوان،ڈیجیٹل مہارت، اور یوتھ نہ سے متعلقہ دیگر پروگرام شروع کیے اور ملکی نوجوانوں کو مایوس نہیں ہونے دیا۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ دوبارہ اقتدار میں آکر ان کے لیے پہلے سے بھی زیادہ سہولیات کے ساتھ ٹھوس منصوبہ جات سامنے لائے جائیں گے۔ سکلز سے متعلقہ ادارے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ان کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان میں فنی مہارت کی جدید تعلیم فراہم کرنے والے بین الاقوامی ادارے ای سکل وائزر(eSkillVisor)کے بانی و صدر ڈاکٹر نعمان منیر سے ملاقات کے پر کیا۔

ون آن ون ملاقات کے موقع پر ڈیجیٹل مہارتوں کے ذریعے نوجوانوں کو با اختیار بنانے اور زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو آن لائن روزگار کمانے میں مدد کرنے کے لیے مقامی وسائل سے فائدہ اٹھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عمران خان نے نوجوانوں کی ترقی،مہارت اور روزگار فراہمی کے اس منفرد پروگرام کے اجرا پر ڈاکٹر نعمان کی کوششوں کو سراہا،انہوں نے دیگر پیشہ ور پاکستانیوں کی بھی حوصلہ افزائی کی تاکہ وہ بھی ڈاکٹر نعمان کی عمدہ مثال پر عمل کرکے ملکی نوجوانوں کی مدد کریں اور پاکستان کا مستقبل بہتر بنائیں۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ پاکستان کا مستقبل ڈیجیٹل ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر مبنی ڈیجیٹل مہارت کے تمام اقدامات کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور متعلقہ افراد کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی حکومتوں کے ساتھ ساتھ آنے والے وقت میں بھی ایسے پاکستانیوں کی معاونت کریں تاکہ ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ اور قیمتی زرمبادلہ لانے میں نوجوانوں کی حمایت کی جاسکے۔

اس موقع پر ڈاکٹر نعمان نے بتایا کہ ای ایس وی کے ذریعے گزشتہ سال2022 میں کامیابی کے ساتھ 1,037 طلباء کی معاونت کی گئی۔ڈیجیٹل پاکستان میں چین کو 20 لاکھ امریکی ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری پر راغب کیا،اسی طرح 278 پاکستانی طالب علموں کو اپنے اسٹارٹ اپس شروع کرانے میں ان کی مدد کی جبکہ مستحق نوجوانوں کو 350 سے زیادہ وظائف سے نوازا۔

انہوں نے بتایا کہ ادارے کی کوششوں سے اس وقت ایک اوسط ESV طالب علم380ڈالر ماہانہ سے زائد رقم آن لائن طریقے سے کما رہا ہے،مستقبل میں یہ تعداد بڑھائی جائے گی اور ملکی نوجوانوں کو باعزت روزگار کمانے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کی ہدایت کے مطابق بہت جلد متعدد نئے پراجیکٹ بھی متعارف کرائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں