ہانگ کانگ اور پاکستان کے درمیان تعلیمی تعاون کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ، اس موقع پر چوئی یوک لن کا کہنا تھا کہ یہ مفاہمت نامہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلیم کے فروغ کے لیے اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو آسان بنائے گا۔
چوئی یوک جنہوں نے ہانگ کانگ میں پاکستان کے تعلیمی پروگراموں کی حمایت کی ان کا خیال ہے کہ مفاہمت کی یہ یادداشت پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان مزید وسیع تعلیمی تعاون اور طلبہ و طالبات کے تبادلوں میں سہولت فراہم کرے گی۔
مفاہمت نامے کے ایک حصے کے طور پر، باہمی اقدامات میں مہارت اور تجربے کا تبادلہ، تعلیمی دستاویزات، تدریسی امداد اور نمائشی مواد کا تبادلہ شامل ہے۔ اسکالرز، طلباء اور تدریس سے وابستہ دیگر افراد بھی تعلیمی دوروں پر ایک دوسرے کے ملک میں آ جا سکیں گے۔
چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق اور ہانگ کانگ میں پاکستان کے قونصل جنرل بلال احمد بٹ نے ڈاکٹر چوئی یوک لن کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے۔
تعلیم و تدریس سے متعلق خیالات اور تجربات کے تبادلے کی کوشش میں، ڈاکٹر چوئی کو پاکستانی سفیر نے اسلام آباد آنے کی دعوت دی ہے۔ جبکہ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر چوئی نے زور دیا کہ علم و فکر کے تبادلے سے تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
ایک اعلان میں قونصلیٹ جنرل نے کہا کہ ہانگ کانگ میں کیمبرج کے علاوہ اردو کا امتحان دو سال بعد منعقد کیا جائے گا۔
