راستے بند ہونے سے کاروباری اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، وزیر داخلہ

وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر میں تحریک انصاف کا دھرنا چوتھے روز میں داخل ہوگیا جب کہ اس وجہ سے راستے بند ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسی سلسلے میں وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناءاللہ کا ردعمل سامنے آ گیا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پولیس کی حفاظت اور سرکاری پروٹوکول میں پی ٹی آئی کارکنان کے سڑکیں بند کرنے سے عوام بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ عوام کے کاروبار،خوشی غمی میں شرکت اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ مریض ہسپتالوں میں پہنچے سے قاصر ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف ناقابل برداشت ہے بلکہ لاکھوں عوام کے لئے تکلیف دہ ہے۔

اس پر مزید ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے مٹھی بھر کارکنان کرسیاں ڈال کر پولیس کی ایما پر گزشتہ چار روز سے عوام کو پریشان کررہے ہیں۔حالیہ پریشان کن صورتحال سے عوام کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہو چکا ہے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے مقامی رہنماؤں اور اراکین اسمبلی سے اپیل بھی ہے کہ وہ عوام کو ان مشکلات سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ کسی بھی قسم کا سیاسی تصادم نہیں چاہتے اور ناں ہی اسکی اجازت دے سکتے ہیں۔لیکن اندیشہ ہے عوام اب عمران خان کے فسادی اور فتنہ انگیز پیروکاروں کا خود محاسبہ شروع کر دینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں