پاکستان میڈیکل کمیشن کا ایم ڈی کیٹ کے لیے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو خط

پی ایم سی کا یو ایچ ایس کو مراسلہ، حقیقت سامنے آگئی

پاکستان میڈیکل کمیشن کی جانب سے گزشتہ روز جاری کیے گئے بیان میں یہ واضع کیا گیا تھا کہ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایات پر کونسل کی جانب سے ملک بھر میں صوبائی سطح پر ایک ہی روز ایم ڈی کیٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے تمام صوبوں کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کو بذریعہ خطوط مشاورتی عمل میں شامل کیا جائے گا

اس حوالے سے ممبر امتحانات نیشنل میڈیکل اتھارٹی کی جانب سے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کو ایم ڈی کیٹ کے حوالے سے معاونت کے لیے خط لکھ دیا گیا ہے

پی ایم سی کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق اکتوبر اور نومبر میں ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کے حوالے سے منصوبہ بندی جاری ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ صوبوں کے ساتھ مشاورت اور کونسل کے اجلاس کے بعد ہی کیا جاسکے گا

خط میں واضع کیا گیا ہے کہ پی ایم سی کونسل کی ہدایات کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا انعقاد تمام صوبوں اور فیڈرل کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے زیر اہتمام کیا جائے گا اس حوالے سے پنجاب میں امتحان کے لیے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا نام پی ایم سی کی جانب سے تجویز کیا گیا ہے جس کی بڑی وجہ یونیورسٹی کا ایڈمیشن اتھارٹی ہونا ہے

پی ایم سی خط میں یہ واضع کیا گیا ہے کہ یونیورسٹی اس حوالے سے ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے مطلوبہ سہولیات کا جائزہ اور باقاعدہ منظوری لیکر پی ایم سی کو آگاہ کرے

واضع رہے کہ پاکستان میڈیکل کمیشن کی جانب سے تاحال ایم ڈی کیٹ کے حوالے سے کوئی بھی شیڈول حتمی شکل میں سامنے نہیں آسکا ہے اور صوبوں کے ساتھ اس حوالے سے تاحال مشاورتی عمل ہی کیا جا رہا ہے

آئندہ ہفتے ممکنہ طور پر ہونے والے پی ایم سی کونسل اجلاس میں صوبوں کے ساتھ ہوئی مشاورت کے حوالے سے ممبران کو بریفنگ کے بعد ہی یونیورسٹی اور تاریخ کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا

اس حوالے سے یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ آئندہ اجلاس میں ہی ایم ڈی کیٹ سلیبس کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا تاہم ذرائع کا یہ دعوی ہے کہ ملک بھر میں ایک ہی سلیبس کے تحت امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا تاہم تمام صوبے اپنا الگ سے سوالنامہ بینک امتحان میں استعمال کر سکیں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں