آئی بی سی سی اجلاس، میٹرک انٹرمیڈیٹ سٹوڈنٹس کے لیے گریڈ “F” ختم کرنے کی تجویز

ملک بھر کے تعلیمی بورڈز میں نویں، دسویں، گیارویں اور باوریں کلاسز میں گریڈنگ سسٹم متعارف کروانے اور ایک ہی وقت میں امتحانات کے انعقاد کے لیے آئی بی سی سی کی سب کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا

اجلاس میں سیکرٹری انٹر بورڈ چئیرپرسنز کمیٹی ڈاکٹر غلام علی ملاح، چئیرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم سمیت دیگر اعلی حکام کی جانب سے شرکت کی گئی

ذرائع کے مطابق میٹنگ میں تجویز دی گئی کہ ملک میں نافذ العمل گریڈ سسٹم کا جائزہ لیا جائے جس کے تحت سٹوڈنٹس کو “ایف” گریڈ میں فیل کرنے کی بجائے “U” گریڈ دیا جائے جس کے تحت سٹوڈنٹ کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیا جائے تاہم اس گریڈ کے باوجود سٹوڈنٹ اگلی کلاس میں پروموٹ ہوسکے گا

اسی طرح میٹنگ میں ملک کے تمام تعلیمی بورڈز میں ایک ہی وقت میں امتحانات کے انعقاد کے حوالے سے بھی مختلف تجاویز زیر غور آئیں تاکہ سٹوڈنٹس کو جامعات میں بروقت داخلے میں پریشانی کا سامنا نہ ہو

اس موقع پر سیکرٹری آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ آئی بی سی سی کی ہر صورت کوشش ہے کہ ملک کے تعلیمی نظام کو بین الاقوامی اصولوں کے مطابق استوار کیا جائے اور کوالٹی آف ایجوکیشن کو ہر آنے والے دن کے ساتھ بہتر سے بہترین بنایا جائے

چئیرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی تعلیمی بورڈ کی جانب سے ایس ایل او سلیبس کا نفاذ، ای مارکنگ، بروقت امتحانات کا انعقاد اور نتائج کا اعلان دیگر بورڈز کے لیے رول ماڈل ہے وفاقی تعلیمی بورڈ کی جانب سے ٹیچرز ٹریننگ کا بھی آغاز کیا گیا ہے اور سٹوڈنٹس کو رٹہ سسٹم سے نکالنے کے لیے نئے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں

آئی بی سی سی سب کمیٹی میں حکام کی جانب سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا جس کو بعد ازاں منظوری کے لیے آئی بی سی سی فورم پر بصورت قرارداد پیش کیا جائے گا

اپنا تبصرہ بھیجیں