ایم ڈی کیٹ ملتوی ہوگا یا نہیں؟ سینیٹ کمیٹی بمقابلہ پی ایم سی بڑا میچ

گزشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس ہوا جس کی صدارت چئیرمین سینیٹر ڈاکٹر ہمایوں مہمند نے کی

اجلاس میں دیگر ایجنڈا آئٹمز پر دوران بحث یوکرائن سے بوجہ جنگ پاکستان واپس لوٹنے والے میڈیکل سٹوڈنٹس کو پاکستان کے میڈیکل کالجز میں داخلہ دینے کا معاملہ زیر بحث آیا تو پاکستان میڈیکل کمیشن کی نمائندہ اراکین کمیٹی کو مطمئن کرنے میں ناکام دکھائی دیں اسی دوران سینیٹر بہرہ تنگی کی جانب سے کہا گیا کہ پی ایم سی تمام امور کو بخوبی سرانجام دینے میں مکمل ناکام ہوچکا، انہوں نے کیا کہ سیلاب کی وجہ سے میں نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی سے ملاقات کی اور ان کو بلوچستان خیبرپختونخواہ اور دیگر صوبوں کی مشکلات سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے انٹری ٹیسٹ ملتوی کرنے کی یقین دہانی کروائی لیکن پی ایم سی اپنے سٹوڈنٹس کی مشکلات کو دیکھنے سے ابھی تک قاصر دکھائی دیتا ہے

انہوں نے کہا اب معاملہ پی ایم سی یا پی ایم ڈی سی کا نہیں رہا معاملہ سیلاب میں پھنسے بچوں کی مشکلات کا ہے اس لیے پی ایم سی کو ہر صورت امتحان ملتوی کرنا پڑے گا انہوں نے مطالبہ کیا کہ کم از کم دو ماہ کے لیے امتحان کو ملتوی کیا جائے

اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد کی جانب سے بات کرتے ہوئے کہا گیا کہ پی ایم سی ہمیں پہلے یہ بتائے کہ پی ایم ڈی سی آنے کی صورت میں ایم ڈی کیٹ کے لیے لیے گئے اربوں روپے سٹوڈنٹس کو واپس کیسے کیے جائیں گے، انہوں نے پی ایم سی نمائندہ سے سوال کیا کہ اس بارش اور سیلاب کے حالات میں جب انٹرنیٹ کنیکشن اور زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو چکا سٹوڈنٹس کس طرح سے امتحان دینے سینٹرز میں پہنچیں گے

سینیٹر روبینہ نے وزارت صحت کی جانب سے اجلاس میں موجود سپیشل سیکرٹری سے سوال کیا کہ آپ کی جانب سے پی ایم سی کو خط نہیں لکھا گیا جس پر وزارت صحت نے کہا کہ اس وقت قانونی طور پر تو پی ایم سی باڈی موجود ہی نہیں، ہم نے محکمہ صحت سندھ کے خط کے جواب میں پی ایم سی کو دو خطوط ارسال کیے جن پر عمل نہیں کیا گیا، سپیشل سیکرٹری وزارت صحت کے مطابق پی ایم سی کو جب دوبارہ ہدایات دی گئیں تو بھی ان کی جانب سے 7 ستمبر کی بجائے 14 ستمبر تک ملتوی کر دیا گیا

ساری صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے چئیرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے صحت سینیٹر ہمایوں مہمند کی جانب سے پی ایم سی کو 12 ستمبر تک جواب جمع کروانے کی مہلت دے دی گئی، انہوں نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ پی ایم سی امتحان کو کس طرح سے ملتوی کرے گا ان کی جانب سے پی ایم سی نمائندہ سے استفسار کیا گیا کہ 14 ستمبر تک پی ایم ڈی سی بل منظور نہیں ہوگا تو کیا اس سال سٹوڈنٹس کا امتحان نیشنل سلیبس کے تحت ہوگا؟

ڈاکٹر ہمایوں مہمند کی جانب سے سیکرٹری کمیٹی کو 12 ستمبر کو اجلاس بلانے اور ایم ڈی کیٹ کو ایجنڈے میں شامل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں

اپنا تبصرہ بھیجیں