اسلام آباد (ایم این بی اردو ڈیسک)
وفاقی دارالحکومت میں ایک بار پھر ڈائریا کی وبا کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا، اب تک شہر میں 2ہزار سے زائد ڈائریا کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں شہر میں ایک ماہ کے دوران 2ہزار 157ڈائریا کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں تاہم اسلام آباد میں ڈائریا سے تاحال کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا ہے
بڑھتے کیسز کے پیش نظر اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال پمز کی جانب سے مریضوں کے لیے خصوصی بیڈز مختص کر دئیے گئے ہیں، پمز انتظامیہ کی جانب سے وبا کی سنگینی کے پیش نظر ڈاکٹر حیدر عباسی کو فوکل پرسن بھی مقرر کر دیا گیا ہے
اس حوالے سے ڈاکٹر حیدر عباسی کی جانب سے شہریوں سے بیماری سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر اپنانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا گیا کہ شہری صفائی کا خاص خیال رکھیں اس حوالے سے ہاتھوں کو اچھی طرح دھونے کا خاص اہتمام کیا جائے
ڈاکٹر حیدر عباسی کی جانب سے ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے پر بھی زور دیا گیا کہ وہ نجی ریسٹورنٹس میں صفائی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کریں جبکہ شہر میں کوڑا کرکٹ کے حوالے سے بھی ایم سی آئی حکام خصوصی مہم کا آغاز کریں
ڈاکٹر حیدر عباسی کی جانب سے ویڈیو پیغام میں مزید کہا گیا کہ شہری پانی ابال کر استعمال کریں جبکہ باہر کے کھانوں اور مشروبات سے پرہیز کیا جائے
شہر اقتدار میں ڈائریا کے زیادہ تر کیسز پولی کلینک اسپتال میں رپورٹ ہوئے، ایک ہفتے کے دوران 991 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 324 بچوں میں بھی ڈائریا کی تصدیق ہوئی
اس حوالے سے وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بیشتر کیسز کا تعلق اسلام آباد کے دیہی علاقوں سے ہے تاہم مجموعی کیسز میں سے 90 فیصد کیسز کو اسپتال میں داخلے کی ضرورت نہیں ہے،این آئی ایچ کے مطابق رواں سیزن اسلام آباد میں ہیضے کے 21 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ڈائریا اور ہیضہ دونوں سے تاحال اموات رپورٹ نہیں ہوئیں، مون سون کے دوران ہیضہ اور ڈائریا کیسز رپورٹ ہونا معمول ہے۔