رونالڈو نے یوٹیوب پر 90 منٹ میں 1 ملین فالورز بنا کر گولڈن بٹن بھی حاصل کر لیا

دنیا کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے فٹبال کی دنیا کے بعد اب یوٹیوب پر بھی اپنی مقبولیت کا لوہا منوا لیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق رونالڈو نے جب اپنے یوٹیوب چینل کا آغاز کیا، تو ڈیڑھ گھنٹے کے اندر ہی ان کے سبسکرائبرز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ یہ کارنامہ انجام دے کر رونالڈو نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

رونالڈو نے 21 اگست کو اپنا یوٹیوب چینل ”یو آر کرسٹیانو“ لانچ کیا۔ چینل کے شروع ہونے کے صرف چودہ گھنٹوں میں انہوں نے 19 ویڈیوز اپ لوڈ کیں اور ہر ویڈیو کو کئی ملین ویوز بھی ملے۔ دن کے اختتام تک رونالڈو کے چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد 10 ملین سے تجاوز کر گئی تھی۔ اس نئے ریکارڈ نے ہیمسٹر کومبیٹ کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا، جس نے یہ تعداد حاصل کرنے میں سات دن لگائے تھے۔

اب تک رونالڈو کے یوٹیوب چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد 25.4 ملین ہو چکی ہے اور یہ تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والے رونالڈو کے یوٹیوب چینل کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت اسے دنیا کا سب سے مشہور یوٹیوب چینل بنا سکتی ہے۔

اسکے علاوہ رونالڈو نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ گولڈن پلے بٹن پکڑے ہوئے ہیں۔ ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ”میری فیملی کے لیے ایک تحفہ۔۔۔ تمام سبسکرائبرز کا شکریہ!“

سعودی عرب کے النصر کلب اور پرتگال کی قومی ٹیم کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو اپنے یوٹیوب چینل پر اپنے خاندان، صحت، غذائیت، تعلیم اور کاروبار کے بارے میں بات کریں گے اور مختلف مہمانوں کے ساتھ گفتگو کریں گے۔

کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا ہے کہ میں اس پروجیکٹ کے آغاز پر بہت خوش ہوں، یہ طویل عرصے سے ان کے ذہن میں تھا لیکن آخرکار مجھے اس پروجیکٹ کو حقیقت میں تبدیل کرنے کا موقع مل گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں