اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات، امریکی نائب صدر کا غزہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار

امریکی نائب صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو سے ملاقات کی، جس کے دوران انہوں نے غزہ کی صورتحال پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔

اس ملاقات میں کملا ہیرس نے واضح طور پر کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کی جائے، میں غزہ کے معاملے پر خاموش نہیں بیٹھوں گی اور اس مسئلے پر بات کرنا بہت ضروری ہے

نائب صدر کملا ہیرس نے اسرائیلی وزیراعظم پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کے معاہدے کے لئے فوری اقدامات کریں تا کہ فلسطینی شہریوں کی مشکلات میں کمی آ سکے اور ان کی زندگیوں میں آسانی پیدا ہو۔

ملاقات کے بعد جب کملا ہیرس صحافیوں سے گفتگو کر رہی تھیں تو انہوں نے کہا کہ انہوں نے غزہ میں انسانی بحران کے مسئلے پر تفصیلی بات چیت کی ہے، اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق ہے، لیکن اس بات سے فرق پڑتا ہے کہ وہ کس طرح سے اپنا دفاع کرتا ہے۔

مبصرین کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران کملا ہیرس کا غزہ کے معاملے پر سخت لہجہ تھا۔ اس سے یہ تاثر ملا کہ اگر وہ صدر منتخب ہو جاتی ہیں تو مستقبل میں نیتن یاہو کے ساتھ زیادہ جارحانہ انداز میں پیش آ سکتی ہیں۔

تاہم کچھ مبصرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی صدر کی تبدیلی کے بعد بھی غزہ کے مسئلے پر امریکی پالیسی میں زیادہ فرق نہیں آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں