ذہین بچوں کو سکالرشپس دینے کے لیے گورنر ہاؤس سندھ میں خصوصی سیل قائم

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے صوبے کے ہونہار طلباء کے لیے بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے لئے مفت وظائف کا اعلان کر دیا۔ اس حوالے سے گورنر سندھ نے وظائف میں دلچسپی رکھنے والے طلباء کی سہولت کے لیے گورنر ہاؤس میں ایک خصوصی سیل قائم کیا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ یہ وظائف میرٹ کی بنیاد پر دیے جائیں گے، منتخب ہونے والے طلباء کو بیرون ملک تعلیم کے لئے بھیجا جائے گا اور کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ملک کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے اور لوگ سیاسی، لسانی اور فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم ہو چکے ہیں۔

انہوں نے گورنر ہاؤس کو سب کے لئے کھولنے اور عوام کے مسائل کے حل کی کوشش کرنے کا وعدہ بھی کیا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس میں صرف 20 ماہ میں نظام کو بدل دیا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ اب تک 22 لاکھ لوگ گورنر ہاؤس کا دورہ کر چکے ہیں اور یہ 24 گھنٹے کھلا رہتا ہے، گورنر ہاؤس کی دیوار کا ایک حصہ گرا کر آئی ٹی یونیورسٹی کے لئے گیٹ بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گورنر سندھ نے محرم الحرام کے دوران خصوصی سیل کے قیام کا اعلان کیا تھا تا کہ صوبے بھر سے موصول ہونے والی شکایات کا فوری جواب دیا جا سکے۔ 5 جولائی کو علما سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ اگر مقامی حکومت کو محرم کے دوران سڑکوں کی دیکھ بھال اور دیگر سہولیات کے لئے فنڈز کی کمی کا سامنا کرنا پڑا تو وہ خود اس مسئلے کو حل کرنے کی ذمہ داری لیں گے۔

بیرون ملک سے آنے والے شرکاء کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں، انہوں نے یقین دلایا کہ ممکنہ مشکلات کے دوران ان کے لئے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔ گورنر نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (KWSC) کو بھی ہدایت کی کہ وہ جلوسوں اور مجالس کے دوران پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں