پاکستان کا سی پیک کے بعد روس کے گیم چینجر منصوبے میں شمولیت کا فیصلہ

پاکستان نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی دعوت قبول کرتے ہوئے نارتھ ساؤتھ انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ کوریڈور میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا۔

روسی صدر نے پچھلے سال اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں پاکستان کو نارتھ ساؤتھ انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ کوریڈور میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے اس منصوبے میں شامل ہونے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور بات چیت اور طریقہ کار پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے کامیابی سے 10 لاکھ ٹن روسی خام تیل درآمد کیا اور دونوں ممالک کے درمیان زراعت میں تعاون کے فروغ پر بات چیت جاری ہے۔

پاکستانی کینو کی پہلی کھیپ کو ایران اور آذربائیجان کے راستے روس بھیجا گیا ہے۔ پاکستانی طلباء کے لئے روسی جامعات میں تعلیم کے مواقع فراہم کرنے پر کام جاری ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ماحولیاتی پائیداری پر بھی بات چیت جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سی پیک کی طرح روس کا انٹرنیشنل نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور بھی گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے، اس منصوبے سے پاکستان کے ایران، آذربائیجان اور دیگر خطے کے ممالک سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں