قومی فٹبال ٹیم پاک فضائیہ کے خصوصی طیارے سے دوشنبہ روانہ

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائرز راؤنڈ 2 کے لیے پاکستان فٹبال ٹیم خصوصی طیارے سے نور خان ایئر بیس سے دوشنبہ روانہ ہو گئی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے حکومت پاکستان کو 2 بار فلائٹ منسوخ ہونے سے متعلق آگاہ کیا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں کی بدولت ہی قومی فٹبال ٹیم پاک فضائیہ کی خصوصی پرواز سے نور خان ایئر بیس سے دوشنبہ روانہ ہو سکی۔

واضح رہے کہ پاکستان فٹبال ٹیم کی پرواز کا شیڈول دو مرتبہ متاثر ہوا تھا۔ قومی فٹبال ٹیم آج تاجکستان کے خلاف میچ کھیلے گی۔ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے ہو گا۔

اتوار کو اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائرز کے دوسرے مرحلے میں سعودی عرب نے پاکستان کو 0-3 سے شکست دی تھی۔

مزید پڑھیں:
پاکستان بمقابلہ تاجکستان، فٹبال میچ میں قومی ٹیم پرواز منسوخ ہونے کی وجہ سے پہنچ نہ سکی

فیفا کوالیفائر ٹورنامنٹ میں پاکستان کے گروپ جی میں سعودی عرب، اُردن اور تاجکستان شامل ہیں۔ پاکستان ٹیم اپنے پانچ میچوں میں مسلسل شکست کی وجہ سے فیفا ورلڈ کپ 2026 کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں