غزہ کے لیے 350 ٹن امداد کی 7 ویں کھیپ پاکستان سے مصر پہنچ گئی

پاکستان کی جانب سے مظلوم فلسطینی بہنوں اور بھائیوں کے لیے انسانی امداد کی ساتویں کھیپ مصر میں مصری ہلال احمر کے حوالے کر دی گئی۔ یہ امداد پورٹ سعید میں مصری ہلال احمر کے سپرد کی گئی ہے۔

قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانے نے پریس ریلیز میں آ گاہ کیا کہ اس کھیپ میں 350 ٹن سامان موجود ہے، جس میں خوراک، ادویات، حفظان صحت کی کٹس، کمبل اور خیمے شامل ہیں۔

پاکستانی سفارت خانے نے مزید بتایا کہ پاکستان کی جانب سے غزہ کی عوام کے لیے اب تک مجموعی طور پر 680 ٹن انسانی امداد فراہم کی جا چکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید امدادی سامان بھیجنے کی تیاریاں جاری ہیں اور یہ امداد جلد ہی غزہ پہنچ جائے گی.

سفارت خانے نے کہا کہ پاکستان غزہ کی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور آنے والے دنوں میں پاکستان غزہ کے لوگوں کو مزید ضروری امداد فراہم کرتا رہے گا تا کہ ان کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔

واضح رہے کہ سات اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے بعد پاکستان نے امداد بھیجنے کا آغاز کیا تھا، جس کی پہلی کھیپ 19 اکتوبر 2023 کو روانہ کی گئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے غزہ کے مظلوم شہریوں کی مدد کے لیےمسلسل امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں