وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر کی شہادت پر تعزیت کیلئے ایرانی سفارت خانے آمد

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی سفارتخانے میں ایرانی سفیر سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے ایرانی صدر عزت مآب ابراہیم رئیسی، ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر تعزیت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھے اپنے بھائی ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت کی خبر سن کر گہرا صدمہ اور غم ہوا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم اس دکھ اور غم کے وقت میں جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں اور ایرانی عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں؛ ہماری تمام ہمدردیاں اور دعائیں شہداء کے خاندانوں اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی ایک عظیم عالم اور بصیرت رکھنے والے رہنما تھے، پاکستان نے آج ڈاکٹر رئیسی جیسا مخلص اور اعلیٰ صفات والا بھائیوں جیسا دوست کھو دیا ہے، انکی اپنی قوم کے ساتھ ساتھ پاکستان اور ایران کے تعلقات اور علاقائی تعاون کی مضبوطی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہا کہ گزشتہ ماہ صدر رئیسی کے دورہ پاکستان نے ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کیا، دعا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحومین کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے آمین۔

پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اس مشکل وقت میں ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ مرحوم صدر ڈاکٹر رئیسی بھی وزیراعظم شہباز شریف کو ایک بہترین انسان اور ایران کا دوست سمجھتے تھے۔

ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ ہم مرحوم صدر رئیسی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے جذبات اور الفاظ کی قدر کرتے ہیں، مرحوم صدر ابراہیم رئیسی کے پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مضبوط بنانے اور فروغ دینے کے ویژن کو جاری رکھا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کے اعزاز میں سفارتخانے کی وزیٹر بک میں تعزیتی کلمات بھی لکھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں