دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ، پاکستان نے آئر لینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا

تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم نے آئرلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔ ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے آئر لینڈ کی جانب سے دیا گیا 194 رنز کا ہدف 16.5 اوورز میں مکمل کر کے سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ آئرلینڈ کے وکٹ کیپر ٹکر نے 51 رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ آئرش ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کو جیت کیلئے 194 رن کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کرتے ہوئے فخر زمان نے 40 گیندوں پر 78 رن کی اننگز کھیلی، جس میں 6 چھکے اور 6 چوکے شامل ہیں۔ محمد رضوان نے 75 رنز کی اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہے۔

اس کے علاوہ اعظم خان نے 10 گیندوں پر 30 رن کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ صائم ایوب 6 اور کپتان بابراعظم بغیر کوئی سکور بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

آئرلینڈ ٹیم کی جانب سے مارک ایڈیئر، گراہم ہیوم اور بین وائٹ صرف ایک، ایک پاکستانی کھلاڑی کی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں محمد رضوان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے میچ جیتنے کا سارا کریڈٹ بیٹرز کو دے دیا۔

اس میچ میں شاداب خان کی جگہ محمد عامر کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، فخر زمان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، عباس آفریدی اور محمد عامر شامل تھے۔

آئرلینڈ ٹیم کی جانب سے کپتان پال اسٹرلنگ، مارک ایڈیئر، اینڈریو بلبرنی، کرٹس کیمفر، گیرتھ ڈیلنی، جارج ڈوکریل، گراہم ہیوم، ہیری ٹییکٹر، لورکن ٹکر (ڈبلیو کے)، بین وائٹ اور کریگ ینگ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شامل تھے۔

واضح رہے کہ پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کی جانب سے 183 رنز کے ہدف کو 19.5 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر مکمل کر کے فتح حاصل کی تھی۔ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 14 مئی، 2024 کو ڈبلن میں ہی کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں