محسن نقوی کی ڈبلن میں قومی کھلاڑیوں سےملاقات

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ڈبلن میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات دو گھنٹے تک جاری رہی جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا اور ان کے ساتھ حکمت عملی پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو محنت، جذبے اور پروفیشنل اپروچ کے ساتھ کھیلنے کی بھی تلقین کی۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مختلف اور جارحانہ اپروچ کی مانند ہے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو جدید انداز کے مطابق کھیلنے سے ہی جیت ممکن ہو گی۔ حکمت عملی کمرے میں بیٹھ کر ترتیب تو دی جا سکتی ہے لیکن اصل امتحان میدان میں ہوتا ہے، وہاں پرفارمنس نظر آنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ تمام کھلاڑی باصلاحیت، پروفیشنل اور بہترین ہیں، قومی ٹیم کا باؤلنگ اٹیک شاندار ہے، فیلڈنگ پر بہت توجہ کی ضرورت ہے تاکہ مخالف ٹیم کو کوئی بھی چانس نہ مل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی پاکستان کیلئے امید ہیں اور آپ نے قوم کی توقعات پر پورا اترنا ہے، فتح کیلئے ٹیم ورک بنیادی چیز ہے، 11 کھلاڑی ایک ہو کر پاکستان کے لئے جان لڑا دیں گے تو کامیابی قدم چومے گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی قوم کرکٹ سے محبت کرتی ہے اور قوم کو اپنے کھلاڑیوں سے امیدیں ہیں، آخری بال تک مقابلہ کریں، مقابلہ ہوتا دکھائی دینا چاہیے، آئرلینڈ سے پہلے میچ میں شکست کو کوئی بھی قبول نہیں کر رہا،آئرلینڈ اور انگلینڈ کے بعد اصل امتحان ورلڈکپ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں