دشمن قوتیں جھوٹ، جعلی خبروں اور پراپیگنڈے کے ذریعے ڈیجیٹل دہشت گردی کر رہے ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور مادر وطن کے لیے اپنی جانیں قربانی کرنے والے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کیا۔اسکے علاوہ انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر لاہور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ جنرل (ر) عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز میں گیریژن آفیسرز سے خطاب کے دوران افسران اور جوانوں کو قوم کیلئے خدمات پیش کرنے اور پیشہ ورانہ مہارتوں پر خوب سراہا۔

آرمی چیف نے کہا کہ دشمن قوتیں جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈوں کے ذریعے ڈیجیٹل ٹیریزم کر رہی ہیں مگر ہمیشہ قوم کی حمایت سے تمام دشمنی قوتوں کو شکست دیں گے، پاک فوج کے ہر سپاہی اور افسر کسی بھی دوسری وابستگی یا ترجیحات سے غافل ہو کر اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو سب سے اہم اور اول سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی کوشش کرنے کی تنقید کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ دن رہے گا، جب شرپسندوں نے شہداء یادگاروں کی بے حرمتی کی، ریاست اور قومی اتحاد کی علامتوں پر حملہ کیا۔ ان پرتشدد اور مذموم کارروائیوں کی وجہ سے دشمنوں کو پاکستان کے ریاست اور قوم کا مذاق اڑانے کا موقع ملا۔ افسوس کہ اب وہی سازشی عناصر، ڈھٹائی سے بیانیہ کو توڑ مروڑ کر ریاست کو اس مذموم کوشش میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہے ہیں.

عاصم منیر نے کہا جنہوں نے تاریخ کا یہ سیاہ باب رقم کیا ایسی ذہنیت کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتہ ہو سکتا ہے اور نہ ہی ڈیل، وہ معصوم لوگ جو اِن مجرمانہ عناصر کے مذموم سیاسی مقاصد کو نہیں سمجھ سکے اِن کو منصوبہ سازوں نے اپنی خواہشات کا ایندھن بنایا۔ اِن ورغلائے ہُوئے لوگوں کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر پہلے سے ہی شک کا فائدہ دیا جا چکا ہے۔

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ اس گھناؤنے منصوبے کے اصل رہنما جو کے اپنے آپکو معصوم ظاہر کرتے ہیں انہیں اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا خصوصاً جب اُنکے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو یقین دلایا کہ شہداء اور ان کے اہلخانہ یا ادارے کی بے حرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے حوالے سے آئے روز کی جانے والی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینے کو ہماری کمزور ی اور ہمارے صبر کو لا محدود نہ سمجھا جائے۔ ہم ایک تعمیری قوت کی حیثیت سے تخریبی قوتوں کی جانب سے بنائے گئے راکھ اور ملبے کے ڈھیروں پر اس پبلک لائبریری کو بنا کر قائد کی حرمت کو دوبارہ روشن کر رہے ہیں۔ بعد ازاں آرمی چیف نے لاہور گیریژن میں جناح لائبریری کا افتتاح بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں