امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2024 سے قبل امریکی سفارتخانے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں قومی کھلاڑیوں نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی۔ انہوں نے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔

امریکی سفیر کی رہائشگاہ پر منعقد ہونے والی استقبالیہ تقریب میں امریکی سفیر نے پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کو بھی خوش آمدید کہا اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ڈونلڈ بلوم نے اسپورٹس ڈپلومیسی کا باہمی مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ارکان کو سفارتخانہ کی یادگاری کرکٹ بال اور دستخط شدہ سافٹ بال بیٹ دیا۔ پاکستانی ٹیم نے بھی اس خیر ساگلی کے تحت امریکی سفیر کو پاکستان کی آفیشل کرکٹ شرٹ اور ٹیم کا دستخط شدہ بلا دیا.

اس موقع پر آل راؤنڈر شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے امریکی سفیر کو بولنگ ٹِپس دیں اور ڈونلڈ بلوم نے پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی۔ واضح رہے کہ رواں سال جون میں امریکہ پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے۔

کھیل کا جوش و جذبہ دوبالا کرنے کے لیے یہ خبر یقیناً دلچسپ ہے کہ امریکہ اور پاکستان دونوں کو ایک ہی گروپ میں شامل کیا گیا ہے۔ دونوں ممالک 6 جون، 2024 کو ایک دوسرے کے ساتھ گروپ میچ میں مد مقابل ہوں گے، جس کا پاکستانی شائقین کو بے چینی سے انتظار رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں