ایف آئی اے نے میڈیکل سٹوڈنٹس کو جعلی نرسنگ ڈگریاں دینے والا اسلام آباد کا میڈیکل کالج سیل کر دیا

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کی جانب سے بڑی کارروائی کے دوران جعلی اور غیر رجسٹرڈ نرسنگ اور ٹیکینکل ڈگریوں کے اجراء میں ملوث لوگوں کے خلاف کریک ڈاون کیا گیا۔ یہ چھاپہ مار کارروائی اسلام آباد کے سیکٹر جی پندرہ میں واقع حفیظ انسٹیٹ آف نرسنگ کے نام سے بنائے گئے جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادارے پر کی گئی، جس کے بعد مذکورہ انسٹیٹوٹ کو سیل کر دیا گیا۔

ایف آئی اے کی تفصیلات کے مطابق مذکورہ انسٹیٹوٹ پاکستان نرسنگ کونسل سے منظور شدہ نہیں تھا اور نامزد ملزمان نے یہ کالج جعلی نرسنگ ڈگریاں جاری کرنے کے لئے بنایا تھا۔ کاروائی کے دوران نرسنگ داخلہ فارم اور دیگر شواہد قبضے میں لے لیے گئے جبکہ جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادارے کے مالکان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔

ملزمان عوام سے بھاری رقوم لے کر جعلی نرسنگ ڈپلومہ، ڈگریاں، اور نرسنگ کارڈز بنا کر دیتے تھے۔ اس جعلی و غیر رجسٹرڈ ادارے کے نام سے اشتہارات بھی شائع کیے جاتے تھے۔ ان کے خلاف کارروائی پاکستان نرسنگ کونسل کی شکایت پر کی گئی ہے۔

اس جعلی ادارے میں نرسنگ کے شعبے سے متعلق کوئی فیکلٹی موجود نہیں تھا اور نہ ہی کسی کلینکل پریکٹس کے لئے کسی ہسپتال سے الحاق شدہ تھا۔ اس غیر رجسٹرڈ کالج میں سال 2022 سے طلباء کو داخلے دیے جا رہے تھے۔ مذکورہ ادارہ ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ پشاور سے الحاق شدہ ہے جو کہ غیر قانونی ہے۔

اینٹی کرپشن سرکل نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اس قسم کے جعلی اور غیر قانونی نرسنگ کالجز یا اداروں کے خلاف چھاپہ مار کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں