اسرائیل کے ساتھ کشیدگی کے دوران ایرانی صدر کا واحد اسلامی ایٹمی ملک پاکستان کا دورہ

پاکستان کی دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کے حوالے سے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا۔ دفترِ خارجہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 22 اپریل سے 24 اپریل تک پاکستان کا دورہ کریں گے، جو نئی حکومت بننے کے بعد کسی بھی سربراہ کا پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا۔

ایرانی صدر کے ساتھ ان کی اہلیہ اور ایک بڑا وفد بھی ہو گا جس میں وزیر خارجہ، کابینہ کے دیگر اراکین اور اہم حکومتی افسران شامل ہوں گے۔ اس وفد کے علاوہ ایک بڑا تجارتی وفد بھی موجود ہو گا جو تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کرے گا۔

اس دورے کے دوران ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی پاکستانی صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔ وہ اپنے وفد کے ہمراہ لاہور اور کراچی کا دورہ کریں گے اور صوبائی قائدین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

دفترِ خارجہ کے بیان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت، رابطے، توانائی، زراعت اور عوام سے عوام کے رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے وسیع ایجنڈے پر بات چیت ہو گی۔ اسکے علاوہ ایرانی صدر علاقائی و عالمی امور اور دہشت گردی کے خطرے سے مقابلہ کرنے کے متعلق بات چیت کریں گے۔

چونکہ پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات ہیں لہذا یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایرانی مہمانوں کو دورے کے پہلے دن ظہرانہ دیں گے، جبکہ چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سمیت متعدد وزراء ایرانی صدر سے ہوٹل میں ملاقات کریں گے۔

پیر کی شام کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پاکستانی ہم منصب صدر آصف زرداری سے ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد ایرانی صدر منگل کو لاہور پہنچیں گے، جہاں ان کی ملاقات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ہو گی۔

ایرانی صدر کو گورنر پنجاب کی جانب سے بھی ظہرانہ دیا جائے گا۔ اس کے بعد منگل کو ہی ایرانی صدر کراچی پہنچیں گے، جہاں ان کی ملاقات وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ہو گی۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کراچی میں قائداعظم کے مزار پر بھی حاضری دیں گے اور بدھ کے دن مہمان صدر تہران واپس روانہ ہو جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں