پاکستان کی دو طاقتور ترین شخصیات کی ملاقات، دشمن کو بھرپور جواب دینے کے عزم کا اظہار

صدر مملکت آصف علی زرداری سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی ملاقات, صدر مملکت کو پاکستان کے صدر اور مسلح افواج کے کمانڈر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی گئی

اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف نے صدر مملکت کی کامیاب مدت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، چیف آف آرمی اسٹاف نے صدر مملکت کو دہشت گردی کے خلاف جاری فوجی آپریشنز سے آگاہ کیا، چیف آف آرمی اسٹاف نے ملاقات میں روایتی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی

ملاقات میں چیف آف آرمی اسٹاف نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں سمیت ترقیاتی منصوبوں میں فوج کے کردار بارے بھی آگاہ کیا، صدر مملکت نے پاکستان کی مسلح افواج کے مثالی کردار کو سراہا

اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں فوج کی خدمات کلیدی حیثیت کی حامل رہی ہیں، صدر مملکت نے متاثرہ علاقوں کی سماجی ترقی کے لیے فوج کی کوششوں کو اور قومی ترقی کی جانب پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کو بھی اجاگر کیا

صدر مملکت نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور قومی طاقت کے تمام عناصر کے ذریعے دہشت گردی کا بھرپور جواب دینے کے قومی عزم کا بھی اظہار کیا

اس موقع پر صدر مملکت نے ایک مخصوص سیاسی جماعت اور اس کے چند افراد کی جانب سے ادارے اور اسکی قیادت کے خلاف محدود سیاسی مفادات کے حصول کیلئے لگائے گئے بے بنیاد اور بلاجواز الزامات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رخنہ ڈالنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم کا اظہار بھی کیا

ملاقات میں صدر مملکت کا قوم کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت، کہا کہ شہداء کا خون ہمیشہ پاکستانی قوم کی استقامت اور طاقت کی علامت رہے گا، انہوں نے شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین بھی پیش کیا

اہم ملاقات میں صدر مملکت نے شہداء اور ان کے خاندانوں کی عزت و تکریم کیلئے قوم کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا جبکہ پاکستان میں امن، سلامتی اور ترقی کی اقدار برقرار رکھنے کیلئے یکجہتی اور عزم کا بھی اظہار کیا گیا

اپنا تبصرہ بھیجیں