بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں USAID اسکالرشپس پروگرام کے تحت 38 طلبہ میں اسکالر شپ چیکس کی تقسیم

پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کو ان کی اعلیٰ تعلیم میں مالی معاونت کے لیے وظائف کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں منعقد ہوئی جس میں چیئر مین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد(ستارہء امتیاز) نے پروفیسر ڈاکٹر فیا ض الحسن ، پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم اور دیگر ڈینز، ڈائریکٹرز، رجسٹرار، فیکلٹی ممبران اور اسکالرشپ وصول کنندگان کے ہمراہ بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ وظائف پروگرام ان طلباء کے لیے بہت اہم ہیں جو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن مالی تنگی کی وجہ سے اپنے تعلیمی اخراجات کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔ انہوں نے پاکستانی طلباء کو ان کے کیریئر کی تعمیر اور مستقبل کے اہداف کے حصول میں مدد کرنے پر یو ایس ایڈ کے مسلسل تعاون کو سراہاتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وظائف حاصل کرنے والےیقیناً اپنے خاندان اور ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

پروفیسر ڈاکٹر فیاض الحسن نے پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بارانی زرعی یونیورسٹی اپنے وسائل اور ڈونر ایجنسیوں کے ذریعے اپنے طلباء کو مالی امداد فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے تاکہ وہ نہ صرف اپنے مستقبل کو روشن بنائیں بلکہ ملک و قوم کی تعمیر میں بھی اہم اور مثبت کردار ادا کریں۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے یو ایس ایڈ اور یونیورسٹی کے درمیان کامیاب شراکت داری پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ شراکت داری 2005 سے مختلف پروگرامز کی صورت میں جاری ہے، جس نے پسماندہ طلباء کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے وظائف فراہم کیے ہیں۔

آخر میں پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد ، پروفیسر ڈاکٹر فیاض الحسن اور پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم نے طلباء میں وظائف کے چیک تقسیم کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں