سرکاری یونیورسٹیز میں وائس چانسلرز کے عہدے کے لیے ڈومیسائل کی شرط ختم

سندھ کی سرکاری جامعات میں وائس چانسلر کے عہدے کے لیے سندھ کے ڈومیسائل کی شرط ختم کردی گئی۔ سکریٹری بورڈز و جامعات مرید راہموں نے اپنے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب پورے پاکستان اور بیرون ملک کے امیدوار بھی درخواست دے سکیں گے۔

اس موقع پر مزید ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی 25 سرکاری جامعات میں ڈائریکٹر فنانس کے عہدے کے لیے 120 درخواستیں جب کہ 9 جامعات میں وائس چانسلر کے عہدے کے لیے 100 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ جن میں سے 80 امیدواروں کو ڈائریکٹر فنانس کے ٹیسٹ کے لیے شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے تاہم وائس چانسلر کے لیے موصول شدہ درخواستوں کی جانچ کا عمل چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی عمرہ سے وطن واپسی کے بعد 27 نومبر سے شروع ہوگا۔

سکریٹری بورڈز و جامعات نے بتایا کہ بیرون صوبہ سے بھی امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں، ہم میرٹ پر اچھے امیدوار لگانا چاہتے ہیں اسی لیے صوبے کی کوئی قید نہیں رکھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈائریکٹرز فنانس کے عہدے پر اہل افراد کو بھرتی کیا جائے جس کے لیے ٹیسٹ کے پاسنگ مارکس بڑھا رہے ہیں، یہ ٹیسٹ آئی بی اے کراچی لے گا۔ اگر ہمیں دوسرے مرحلے میں انٹرویو کے لیے زیادہ اہل افراد نہ ملے تو ہم دوبارہ اشتہار دے دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں