اسلام آباد پولیس کے 28 بیٹوں کے نام اعلی ترین پولیس ایوارڈ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے پولیس لائن ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں میں پولیس میڈلز کے احکامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

پاکستان کی 75 ویں ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر 28 افسران و اہلکار کو وزارت داخلہ کی جانب سے ان کی بہادری و جرات پر ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔ ان میں سے 14 افسران و اہلکاروں کو قائد اعظم پولیس میڈلز اور 14 کو پاکستان پولیس میڈلز کے احکامات سے نوازا گیا۔ جبکہ آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں اور ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ کو حکومتِ پاکستان کی طرف سے تمغہ شجاعت دیا گیاہے۔

پولیس افسران و اہلکار کسی بھی وقت عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی درکنار نہیں کرتے۔ پولیس افسران و اہلکاروں کو ان کی ہمت و جرات پر عرصہ دراز سے یہ میڈلز نہیں مل رہے تھے۔ وزیر داخلہ نے تمام افسران و اہلکاروں کو مبارک باد دی، ساتھ ہی ساتھ عوام کی خدمت کرنے کی ہدایت کی اور قانون کی حکمرانی یقینی بنانے کی تلقین کی گئی۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے وزیر داخلہ کو پولیس میں کی جانے والی ریفارمز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ تمام تھانوں میں تفتیش کو بہتر خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ آپریشنز ڈویژن کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور تفتیش کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے تھانہ کی سطح پر تنظیم نو کی گئی ہے۔ہر ایس ایچ اوکے ساتھ دو مزید افسر انچارج آپریشنز اور انچارج ایڈمنسٹریشن کا تقرر کیا جارہا ہے۔

وزیر داخلہ کو دی جانے والی بریفننگ میں بتایا گیا کہ ایس ایچ او تفتیش کے شعبہ کا سربراہ ہوگا۔ امن عامہ اور کمیونٹی پولیسنگ انچارج آپریشنز کی ذمہ داری ہوگی جبکہ انچارج ایڈمنسٹریشن افرادی وسائل اور ریکارڈ کا ذمہ دار ہوگا۔ انچارج ایڈمنسٹریشن عدالتی احکامات کا تعمیلی افسر کا کردار بھی ادا کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں